مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران ایران نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کو کھلا دھمکی آمیز پیغام دیا ہے۔ ایران کے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے اعلان کیا ہے کہ اگر نیتن یاہو زندہ ہیں تو انہیں تلاش کر کے قتل کیا جائے گا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سرکاری پلیٹ فارم سے جاری بیان میں کہا گیا کہ:
اگر یہ بچوں کا قاتل مجرم زندہ ہے تو ہم اسے پوری طاقت کے ساتھ تلاش کر کے ہلاک کریں گے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ مسلسل شدت اختیار کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنگ کا آغاز 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں سے ہوا، جن میں ایران کے سپریم لیڈر خامنئی سمیت کئی اعلیٰ حکام مارے گئے۔
ان حملوں کے بعد ایران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا، جس سے پورے خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
ادھر سوشل میڈیا پر اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی موت کی افواہیں بھی گردش کرتی رہیں، تاہم ان کے دفتر نے ان خبروں کو “جھوٹ اور بے بنیاد” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم خیریت سے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جاری یہ تصادم پورے مشرقِ وسطیٰ کو ایک بڑے علاقائی بحران کی طرف دھکیل رہا ہے اور اس کے اثرات عالمی سیاست اور توانائی کی منڈیوں تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔