Site icon

مسلمانان ہند وقف ترمیمی بل کے خلاف جنگی سطح پر جے پی سی کو اپنی رائے بھیجیں:جاوید احمد

مسلمانان ہند وقف ترمیمی بل کے خلاف جنگی سطح پر جے پی سی کو اپنی رائے بھیجیں:جاوید احمد

_______________

مظفرپور:8/ ستمبر(سیل رواں)

وقف ترمیمی بل 2024 خالصتاً مرکزی حکومت کی بد نیتی پر مبنی ہے، جس کا مقصد وقف ایکٹ 1995کو کمزور کرنا ہے، ان خیالات کا اظہار مظفرپور کے مشہور و معروف سماجی رہنما، تنظیم امارت شرعیہ مظفرپور کے متحرک و فعال نائب صدر رکن ارباب حل و عقد جاوید احمد نے کیا۔ وہ اتوار کو تنظیم امارت شرعیہ مظفرپور کے زیر اہتمام چندوارہ کے واقع نواب روڈ میں منعقدہ تحفظ اوقاف کانفرنس کے موقع سے نامہ نگاروں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ترمیمی بل وقف املاک پر سرکاری و غیر سرکاری قبضوں کے لئے راہ ہموار کرتا ہے۔ اس میں نہ صرف ریاستی وقف بور ڈوں و سینٹرل وقف کونسل کے اختیارات کو خاصا کمزور و مضمحل کیا گیا ہے بلکہ ایک طرح سے پورا اختیار کلکٹر و سرکاری انتظامیہ کے حوالہ کردیا گیا ہے۔ اس لئے ہماری گزارش ہے کہ حزب اختلاف پارٹیاں اس بل کی بھرپور مخالفت کریں اور اسے ہرگز ہرگز بھی منظور نہ ہونے دیں۔ جاوید احمد نے کہا کہ مسلمانان ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ اور امارت شرعیہ، بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ کی ہدایت کے مطابق تیار کردہ فارمیٹ کے ذریعے جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی (جے پی سی) کو اپنی رائے زیادہ سے زیادہ بھیجیں اوریہ واضح کردیں کہ موجودہ وقف قانون کافی ہے۔اس لئے اس نئے بل کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور یہ وقف کے مقاصد کے لئے نقصان دہ ہے۔ جاوید احمد نے کہا کہ آگے کہا کہ یہ بل آئین ہند کے آرٹیکل 12 سے 35 میں مضمربنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ وقف ترمیمی بل (2024) کے تحت حکومت ریاستی بورڈوں پر غیر مسلموں کو نامزد کرنا چاہتی ہے، وقف ٹریبونل اتھارٹی کی جگہ ضلع کلکٹر کو ایک ثالث کے طور پرمقرر کرنا چاہتی ہے، جو اس بات کی تحقیقات اور تصدیق کرے گا کہ کیا کوئی جائیداد وقف جائیداد ہے یا سرکاری زمین ہے۔لہذا ہم اسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کر تے ہیں کہ حکومت اسے فی الفور واپس لے۔وہیں دی گائڈینس آئی ٹی آئی کالج مالی گھاٹ، مظفرپور کے ڈائریکٹر انجنیئر ظفر اعظم ربانی نے کہا کہ وقف کے تحفظ اور وقف ترمیمی بل2024 کے حوالہ سے عوام و خواص کو بیدار کرنے اور وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کی آواز بلند کرنے کی غرض سے تنظیم امارت امارت شرعیہ مظفرپور کی پوری ٹیم امیر شریعت بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی ہدایت پر پوری قوت کے ساتھ مظفرپور میں تحریک چلا رکھی ہے اور بل کی واپسی تک تحفظ وقف کی یہ تحریک جاری رہے گی۔اسی تعلق سے امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ کے زیر اہتمام 15؍ستمبر 2024ء روز اتوار شہر پٹنہ کے باپو سبھا گار ہال نزد گاندھی میدان، پٹنہ میں ایک عظیم الشان تحفظ اوقاف کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے ،جس میں وقف ترمیمی بل 2024 کے نقائص کا مکمل آئینی جائزہ لیا جائے گا ،اور اوقاف کے تحفظ کے طریقوں پر قائدین ملت کا خطاب بھی ہوگا، اس کانفرنس کی صدارت امیر شریعت حضرت مولاناسید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ فرمائیں گے ،اور ملک کے نامور علماء ،دانشوران اور وکلاء قانون داں حضرات قانونی وضاحت بھی کریں گے ،اس لیے اس کانفرنس میں شرکت کرکے ملی بیداری کا ثبوت دیں اور اکابرین کی تحریک کو مضبوط کریں۔

Exit mobile version