Site icon

جمعیت علماء ضلع بیگوسرائے کے انتخابات مکمل، مفتی خالد حسین نیموی صدر اور مولانا صابر نظامی جنرل سیکریٹری منتخب

جمعیت علماء ضلع بیگوسرائے کے انتخابات مکمل، مفتی خالد حسین نیموی صدر اور مولانا صابر نظامی جنرل سیکریٹری منتخب

عبدالمجید اسحاق قاسمی

بیگوسرائے (17 ستمبر 2024): آج بروز منگل، بیگو سرائے ضلع کی جامع مسجد مشرقی میاں چک میں جمعیت علماء بیگوسرائے کا انتخابی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر مفتی خالد حسین نیموی قاسمی کو صدر اور مولانا صابر نظامی قاسمی کو جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا۔ انتخابی عمل کی نگرانی جمعیت علماء کھگڑیا کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد منصور الہاشمی نے کی، جو اجلاس کے نگران اور مشاہد بھی تھے۔

اجلاس کا آغاز قاری فیاض اور قاری ارمان نظرالحق جامعی کی نعتیہ کلام سے ہوا۔ ضلع کی 32 یونٹوں کے نمائندے اور مختلف معزز مہمانان نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ مولانا صابر نظامی نے سکریٹری کی رپورٹ پیش کی، جس میں بیت المال میں 45,000 روپے جمع ہونے کی اطلاع دی گئی اور تنظیم کے مالی استحکام پر اظہارِ مسرت کیا گیا۔

مفتی خالد حسین نیموی نے اپنی صدارتی تقریر میں جمعیت علماء ہند کی تاریخ اور اس کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شہریت قانون (CAA)، حکومت کی بولڈوزر کارروائیوں، اور وقف ترمیمی بل کے خلاف جمعیت علماء کی خدمات کا تذکرہ کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیل سے گفتگو کی۔

شرکاء اجلاس نے ضلع جمعیۃ کی مرکزی باڈی کو علی حالہ باقی رکھنے پر اتفاق کیا جس میں مفتی خالد نیموی صاحب صدر،نائبین صدرمفتی عین الحق امینی قاسمی ومولانا عبد المجید مظاہری اکمبا ۔مولانا صابر نظامی قاسمی جنرل سکریٹری ،ماسٹر مبین اختروحافظ روح اللہ نائبین سکریٹری ۔الحاج محب الرحمان عرف اجنبی خزانچی وغیرہ کو ایک بار پھر مجلس منتظمہ نے انہیں مرکزی ذمہ داران کے طور پر منتخب کیا ہے ۔جب کہ ضلع میں جمعیۃ کے پھیلتےکاز میں مزید بہترائی کے لئے مزید تین نئے نائب صدر اور تین نائب سیکریٹری منتخب کیے گئے تاکہ تنظیمی امور کو مزید مؤثر طریقے انجام دیاجا سکے۔ ان میں مفتی احسن قاسمی، مولانا محمد جابر قاسمی، اور مولانا غالب ندوی کو نائبین صدر جبکہ مفتی شاداب عالم قاسمی، مولانا ضیاء الرحمان قاسمی، اور مولوی عبداللہ صدیقی کو نائبین سیکریٹریز مقرر کیا گیا۔

اجلاس میں ضلع جمعیۃ علماء کے رکن قاری محمد عیسیٰ صاحب مظاہری نے خطاب کرتے ہوئے قرآن مجید کی تجوید اور تلفظ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور افسوس کا اظہار کیا کہ اکثر بچیاں قرآن کو صحیح طور پر نہیں پڑھ پاتیں۔ انہوں نے ہر گاؤں میں مکتب کے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بچے اور بچیاں قرآن کو درست طریقے سے سیکھ سکیں۔

مفتی عبدالودود صاحب قاسمی مہتمم مدرسہ تعلیم الدین کٹھریانے اجلاس کے دوران ائمہ کو سیرت النبی ﷺ کے حوالہ سے اپنے اخلاق کو بلند کرنے کی نصیحت کی۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ مساجد کو رسول اللہ ﷺ کے اخلاق کو اپنے کردار میں اپنانا چاہیے تاکہ وہ معاشرتی اصلاح میں بہتر کردار ادا کر سکیں اور ان کی شخصیت لوگوں کے لیے ایک عملی نمونہ بنے۔

اس موقع پر اوقاف ترمیمی بل کے خلاف ایک اہم قرارداد بھی منظور کی گئی۔ اجلاس کے دوران مرحومین کے لیے ایصال ثواب کی دعا کی گئی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

مفتی عین الحق امینی قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء بیگوسرائے نے اصلاحِ معاشرہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسلامی تعلیمات کی تبلیغ پر زور دیا اور اپنی کتاب "بڑی ہے داستان ان کی” کو اجلاس کے دوران پیش کیا۔ انہوں نے اپنی آئندہ آنے والی کتاب کے لیے دعا کی درخواست بھی کی۔

اجلاس کا اختتام قدیم رکن جمعیت علماء حافظ محمد قاسم علی کی دعا سے ہوا، جس میں ملک و قوم کی فلاح اور امت مسلمہ کی بہتری کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Exit mobile version