ششی تھرور کا منی پور میں صدارتی راج کے نفاذ کا مطالبہ
منی پورفساد: منی پور میں پر تشدد واقعات کے بعد فوج کی بحالی اور پیدا شدہ صورت حال کے پیش نظر اپوزیشن کے کئی لیڈران برسراقتدار پارٹی کو زبردست تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ دلی حکومت فی الحال کرناٹک اسمبلی چناؤ میں مشغول ہے۔ اسے منی پور کے حالات کی بالکل پرواہ نہیں ہے۔ اسی درمیان کانگریس کے قد آور لیڈر ششی تھرور نے نے منی پور میں صدارتی راج نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
منی پور میں کئی دنوں بعد بھی حالات بدستور کشیدہ ہیں ،حکومت صورتِ حال قابو کرنے میں ناکام ہے۔منی پور میں پُرتشدد واقعات والے علاقوں سے 20 ہزار افراد انخلاء کر چکے ہیں جبکہ انٹرنیٹ سروس بدستور معطل اور متاثرہ اضلاع میں کرفیو بھی نافذ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے پولیس اسٹیشنوں سے ہتھیار بھی چرا لیے ہیں جس سے حالات مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔ ریاستی انتظامیہ نے شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق کئی دنوں سے جاری کشیدگی میں 54 افراد مارے جا چکے ہیں اور کئی املاک کو نقصان بھی پہنچایا گیا ہے۔