مہاراشٹر: ناندیڑ سرکاری اسپتال میں افراتفری، 24 گھنٹے میں 24 مریضوں کی موت، 12 نوزائیدہ بھی شامل
اطلاعات کے مطابق مہاراشٹر کے ناندیڑ کے ایک سرکاری اسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12 نوزائیدہ بچوں اور اتنے ہی بالغ افراد کی موت ہو گئی، جس کی وجہ سے وہاں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ اسپتال کے ڈین نے اس کے لئے ادویات اور اسپتال کے عملے کی کمی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ناندیڑ کے شنکر راؤ چوان سرکاری اسپتال کے ڈین نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوئی 24 اموات میں سے 12 بالغ افراد کی موت "مختلف بیماریوں، زیادہ تر سانپ کے کاٹنے” کی وجہ سے ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں چھ نوزائیدہ لڑکے اور چھ نوزائیدہ لڑکیوں کی موت ہوگئی ہے۔ بارہ بالغ افراد کی بھی مختلف بیماریوں کی وجہ سے موت ہوگئی ، جن میں سے زیادہ تر سانپ کے کاٹنے کے معاملات تھے۔ مختلف ملازمین کے تبادلوں کی وجہ سے ہمیں کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈین نے کہا کہ ایک ہیفکن انسٹی ٹیوٹ ہے۔ ہمیں ان سے دوائیں خریدنی تھیں، لیکن وہ بھی نہیں ہوا۔ تاہم ہم نے مقامی طور پر دوائیں خریدیں اور مریضوں کو فراہم کیں۔
کانگریس نے پیر کو مہاراشٹر کے ناندیڑ کے ایک سرکاری اسپتال میں 24 گھنٹوں کے اندر 12 شیر خوار بچوں سمیت 24 مریضوں کی موت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ حکام نے بتایا کہ مہاراشٹر کے ناندیڑ کے ایک سرکاری اسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12 شیر خوار بچوں سمیت 24 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی نظر میں غریبوں کی زندگی کی کوئی قیمت نہیں ہے۔