"مدرسہ دارالملت” سے شائع "ملت جنتری” 2024 ء : ایک تعارف

✍🏼 انوار الحسن وسطوی

مدرسہ دارالملت رام پور سگھری بلبھدر پور , اورائی (مظفر پور ) اب کسی تعارف کا محتاج نہیں رہا ہے ظاہر ہے کہ جس ادارہ کے سکریٹری جناب امتیاز احمد کریمی صاحب ہوں وہ ادارہ محتاج تعارف کیسے رہ سکتا ہے ? جناب کریمی کی یہ خصوصیت ہے کہ وہ جس ادارہ سے منسلک ہو جاتے ہیں تو پھر اس میں چار چاند لگنا ہی لگنا ہے۔ موصوف کی ان خصوصیات کی مثالیں پیش کرنے کا یہاں موقع نہیں لہذا اس کی تفصیل میں نہیں جا رہا ہوں۔ مدرسہ دارالملت تقریبا 64 برسوں سے ملت کے نونہالوں کو جس حسن و خوبی کے ساتھ قرآن و حدیث کی تعلیم دے کر جہاں اشاعت دین کا اہم فریضہ انجام دے رہا ہے وہیں عصری علوم کے تعلق سے CBSE کے طرز پر لائق و فائق اساتذہ کے ذریعے سائنس ,حساب ,انگلش ,ہندی سماجیات اور تواریخ کی بہترین تعلیم دی جا رہی ہے ۔ مدرسہ میں ایک سو (100) بچوں کے طعام و قیام کا مفت نظم بھی ہے ۔ گزشتہ برس 7 دسمبر 2023 کو مدرسہ ہذا کا شاندار اجلاس عام منعقد ہوا اس میں 50 حفاظ کرام کی دستار بندی عمل میں آئی ۔ اس موقع پر 6, 7, 8 دسمبر 2023 کو وفاق المدارس السلامیہ امارت شرعیہ کے زیر اہتمام تین روزہ دینی تربیتی و اصلاحی اجلاس بھی منعقد ہوئے جس میں امارت شرعیہ کے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی , نائب ناظم مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی, قاضی انظار عالم قاسمی (قاضی شریعت ) مولانا وصی احمد قاسمی (نائب قاضی شریعت) مفتی سعید الرحمن قاسمی (مفتی امارت شرعیہ )کے علاوہ دارالعلوم دیوبند کے موقر استاد مولانا مفتی عباس قاسمی جامعہ رحمانی مونگیر کے مولانا مفتی نورالدین ندوی اظہری اور مولانا عبدالعلیم رحمانی ندوی اظہری دارالعلوم اسلامیہ کے مولانا مفتی شکیل احمد قاسمی مولانا حماد کریمی ندوی مسقط (عمان) مولانا خالد ضیا ندوی ( علی گڑھ) مفتی خالد حسین نیموی اور مولانا اختر امام عادل وغیرہ علمائے کرام نے اجلاس کو خطاب کیا۔ اس تربیتی اجتماع میں کشن گنج , ویشالی, مظفرپور , دربھنگا , مدھوبنی , مشرقی چمپارن, سیتا مڑھی اور سارن وغیرہ اضلاع سے 88 اساتذہ کرام نے شرکت کی ۔

مدرسہ دارالملت کا مین گیٹ

علماء حضرات کے علاوہ جن دانشوروں اور ماہرین تعلیم نے اس تاریخی اجلاس میں شرکت فرمائی اور اپنے تاثرات سے سامعین کو نوازا ان میں پروفیسر عالمگیر وائس چانسلر مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یونیورسٹی( پٹنہ) ڈاکٹر مشتاق احمد سابق رجسٹرار متھلا یونیورسٹی (دربھنگا ), الحاج محمد ارشاد اللہ چیئرمین سنی وقف بورڈ بہار اور ڈاکٹر اظہار احمد ایڈیٹر روزنامہ پیاری اردو پٹنہ کے نام بطور خاص قابل ذکر ہیں ۔ اس موقع پر مدرسہ دارالملت کی سہ منزلہ عمارت کا افتتاح بھی حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ پروفیسر محمد عالمگیر , پروفیسر مشتاق احمد اور علم و ادب کی دیگر اہم شخصیتوں کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ یہ عمارت تعلیم و تدریس کے حوالے سے تمام سہولیات سے آراستہ ہے اس عمارت میں شاندار لائبریری کمپیوٹر لیب , سائنس لیب, کامن روم, آفس اور ویٹنگ روم کے علاوہ 12 بڑے بڑے کمرے درس و تدریس کے لیے مختص ہیں یہ تمام کمرے بہترین فرنیچر پنکھے لائٹ اور جدید سہولیات سے آراستہ اور دیدہ زیب ہیں ۔ ضلع ویشالی کے معروف مدرسہ معہدالعلوم الاسلامیہ چک چمیلی سرائےویشالی کے جواں سال مدرس جناب عبدالرحیم برہولیاوی ریسرچ اسکالر متھلا یونیورسٹی دربھنگا و بانی ایڈمن "العزیز میڈیا” نے جو اس سہ روزہ تاریخی اجلاس و دستار بندی کے اجلاس میں شریک تھے راقم الحروف کو بتایا کہ تمام مہمانوں نے مدرسہ کی عمارت وہاں کے نظم و ضبط اور قیام و طعام کے نظم کو دیکھ کر بیک زبان یہ اعتراف کیا کہ یہ ادارہ ترقی کی جس منزل پر ہے وہ جناب امتیاز احمد کریمی اور ان کے ساتھ کام کرنے والے رفقاء کی مخلصانہ کوششوں کی دین ہے ۔ بہار کے لوگوں کو اس سرزمین کے لعل امتیاز احمد کریمی پر فخر ہے انہوں نے قوم و ملت کے لیے جو کام کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ آنے والے وقت میں صرف تعلیم کی دھوم ہوگی اور مدرسہ دارالملت اس میں ایک نمایاں نام ہو گا۔ کیونکہ یہاں کی منتظمہ کمیٹی کو مدرسہ میں پڑھنے والے نونہالوں کی فکر ہے جو قابل تقلید بات ہے ۔

ملت جنتری: فرنٹ پیج


مدرسہ دارالملت سے شائع ملت جنتری راقم السطور 2022 عیسوی سے دیکھ رہا ہے میں ہر برس اس جنتری میں نیا پن محسوس کرتا ہوں گزشتہ تین سالوں سے میں اس کا تعارف قارئین کو کرا رہا ہوں۔ جنتری عموما تاریخ دن ماہ و سال غروب آفتاب اور طلوع آفتاب کے اوقات جاننے کے علاوہ نچھتر اور تعطیلات کی جانکاری کے لیے بھی استعمال ہوتی ہے شادی یا کسی تقریب کی تاریخ مقرر کرنے وقت لازمی طور پر جنتری کا سہارا لیا جاتا ہے ۔ دینی اداروں کی جانب سے شائع جنتریوں میں دینی معلومات کی باتیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ اس معاملے میں جامعہ رحمانی مونگیر سے شائع "رحمانی جنتری” کو اختصاص حاصل ہے۔ ملت جنتری بھی دینی معلومات کا خزانہ ہے ۔ 48 صفحات پر مشتمل یہ جنتری اپنے دامن میں قیمتی ہیرے جواہرات سمیٹے ہوئے ہے جس کے مرتب مدرسہ دار الملت کے فعال سکریٹری جناب امتیاز احمد کریمی ہیں جنتری کا آغاز حمد باری تعالٰی سے ہوا ہے یہ حمد جنتری کے ٹائٹل صفحہ کے اندرونی پشت پر درج ہے جنتری کے پہلے صفحہ پر فہرست مضامین درج ہے دوسرے صفحہ پر دائمی اوقات نماز کی فہرست دی گئی ہے یہ اوقات گرچہ مظفرپور کے لیے ہیں لیکن دوسرے شہروں کے لیے اوقات کم و بیش کرنے کی فہرست بھی اس میں درج کر دی گئی ہے یہ تفصیل جنتری کے اندرون صفحات پر بھی درج ہیں ۔ جنتری کا صفحہ تین اور صفحہ چار مدرسہ دارالملت کی مسجد عمارت اور ہاسٹل کی تصاویر سے مزین ہے ۔ صفحہ 5 سے صفحہ 44 تک جن دینی مسائل پر قیمتی باتیں درج کی گئی ہیں ان کے عنوانات ہیں تعلیم , علم ,اللہ کی راہ میں خرچ اللہ کی باتیں, رسول اللہ کی باتیں والدین سے حسن سلوک ,محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے اسماء مبارک , قرآن, عمل سے ہی زندگی ہے , رمضان المبارک , طریقہ نماز عیدین, فضائل و مسائل قربانی , خطبہ نکاح , آداب میت, نماز جنازہ کے آداب , حج اور حج و عمرہ کا طریقہ – صفحہ 45 پر سال 2024 عیسوی مطابق 46 – 1445 ہجری کی تعطیلات کی فہرست درج ہے ۔ صفحہ 46 پر مدرسہ دارالملت کے اراکین و ممبران مجلس منتظمہ کے ناموں کی فہرست ہے جس میں تمام ارکان کے عہدے اور ان کے موبائل نمبر کا اندراج ہے ۔ اس فہرست کے مطابق جناب حیدر حسین بخشی (صدر) اور جناب امتیاز احمد کریمی (سکریٹری ) ہیں ۔ جبکہ نور الحسن ,جناب افتخار احمد, جناب انصار احمد جناب شہاب اللہ کریمی , جناب اشتیاق احمد , جناب وجاہت حسین , جناب عبدالواحد , جناب عمران اختر , جناب نظام الدین (صدر مدرس ) اور جناب عتیق الرحمن (نمائندہ مدرس) اراکین مجلس منتظمہ ہیں ۔ اس 12 رکنی کمیٹی میں کوئی خازن نہیں ہے جبکہ کسی بھی کمیٹی میں خازن کا عہدہ لازمی طور پر ہونا چاہیے ۔ صفحہ 47 پر شاہین گروپ آف انسٹیٹیوٹ اور مدرسہ دارالملت کے اشتراک سے حفظ القرآن پلس کورس کرائے جانے کا طور طریقہ درج ہے ۔ صفحہ 48 پر اپیل کے عنوان سے مدرسہ ھذا کی خدمات سے روشناس کراتے ہوئے عوام الناس سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے ۔ یہ معلوماتی اور قابل استفادہ جنتری مدرسہ دارالملت رام پور سگھری بلبھدرپور وایا اورائی ضلع مظفرپور سے حاصل کی جا سکتی ہے ۔ملت جنتری یا مدرسہ دارالملت کے تعلق سے مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے حسب زیل موبائل نمبر 9472086183 ( سکریٹری )اور 9576649524 (صدر مدرس) پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔

Exit mobile version