مسجد کو معاشرے کے لیے مفید کیسے بنائیں

تحریر: مسعود جاوید 

سو سال یا اس سے قبل لکھے ہوئے عربی زبان میں خطبے رٹ کر یا کتاب دیکھ کر پڑھنا تو جمعہ کے خطبہ سے مقصود نہیں ہے۔‌ پھر ایسا کیوں ہوتا ہے !  اس درد کا اظہار اس ٹک ٹاک میں کیا گیا ہے۔ 

موضوع کی مناسبت سے قرآن مجید کی چند آیات اور چند احادیث کے علاوہ درود شریف کے لئے قرآن کریم کی آیت إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ ۚ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا۔ اس کے بعد بالترتیب خلفاء راشدین اور اجل صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کا بالترتیب ذکر مسلمانوں کے ذہن میں راسخ کرنا ضروری ہے تاکہ صرف پنج تن (محمد علی فاطمہ حسن حسین) کا مقام ذہن نشین نہ رہے۔‌

اس کے بعد حالات حاضرہ کے تناظر میں دین حنیف کا ہم سے مطالبہ کیا ہے اس پر روشنی ڈالنے کی ضرورت ہے۔‌ معاشرہ میں پائی جانے والی برائیوں کی بیخ کنی کے لئے مؤثر خطاب کی ضرورت ہے۔ لیکن اس کے لئے مساجد کی تزئین اور عالی شان عمارتوں سے اہم با صلاحیت خطیب اور اہل امام کی تقرری کی ضرورت ہے۔ 

متعدد مساجد میں اچھے خطیب اور اہل امام کی تقرری میں تساہلی برتی جاتی ہے اور بعض مساجد میں ایسے خطباء اور ائمہ کی چھٹی کر دی جاتی ہے جو حقوق العباد اور حالات حاضرہ پر معاشرہ میں پائی جانے والی برائیوں کی نشان دہی کرتے ہیں ۔‌ ( مساجد میں مختلف سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے آتے ہیں اس لئے انتخابی سیاست پر بیان کرنے سے گریز کرنا ضروری ہے) 

 عموماً ائمہ زمین کے نیچے اور آسمان کے اوپر کی باتیں بیان کرنے پر اکتفا کرتے ہیں ۔‌ حقوق العباد کی ادائیگی کے معاملے میں کیا عام‌ مسلمان اور کیا عالم، حضرت جی، صوفی جی ، تین چلہ لگا کر آنے والے اور خانقاہوں کے پیر صاحبان تقریباً سب کے یہاں کمی ہے اس موضوع پر خطاب کرنے کی پاداش میں متولی حضرات کے ہاتھوں کئی اماموں کی سرزنش کی بھی خبریں آتی رہتی ہیں ۔ 

بعض ائمہ و خطباء معجزات اور کشف و الہام کی باتیں سنا کر جمعہ کے خطبہ کی ذمہ داری سے بری ہو جاتے ہیں! جبکہ دین اسلام ایمان بالغیب اور قرآن وحدیث تک محدود ہے۔‌ اسلام کی حقانیت اور اس کی تبلیغ کسی معجزہ اور کشف وکرامات کا محتاج نہیں ہے اور نہ یہ مطلوب ہیں۔ 

اصلاح معاشرہ کے لئے مسجد کو مفید بنانے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولیات کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر مسجد والے وہاٹس ایپ گروپ بنا کر جمعہ کے خطبے کو مقامی زبانوں میں شیئر کر کے مفید عام بنا سکتے ہیں ۔ اصلاح معاشرہ کا اس سے بہتر پلیٹ فارم اور کیا ہو سکتا ہے ۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔