حجاج کی روانگی سے قبل دعائیہ مجلس کا انعقاد

اقلیتی بہبود پورنیہ کی طرف سے کلا بھون پورنیہ میں حجاج کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام۔ حاضرین و حجاج نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

پورنیہ/سیل رواں

اسلام صرف دین فطرت ہی نہیں ہے یہ روحانی ترقی اور سرفرازی کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔ اسلام اور اسلامی احکامات پر غور کریں گے تو معلوم ہوگا کہ یہ انسان کو ظاہری طور پر تو ایک مہذب اور باوقار انسان بناتا ہی ہے، باطنی طور پر بھی اسے پاکیزہ بناتا ہے۔
شریعت کے جتنے قوانین اور احکام ہیں سب میں یہ بات پوشیدہ ہے، بس فرق یہ ہے کہ ہم اسے ٹھیک سے سمجھتے نہیں ہیں۔ حج اسلامی عبادات کا ایک اہم ترين رکن ہے۔ یہ ایک ایسی عبادت ہے جو تمام عبادات سے ممتاز ہے، حج ہی وہ عبادت ہے جسے بقائے دین، مسلمانوں کے اتحاد اور امت مسلمہ کے عروج و ارتقاء کا راز، اسلام کی اعلی ثقافتوں کا آئینہ دار، دشمنان اسلام اور طاغوتی قوتوں کی تباہیوں کا پیغام قرار دیا گیا ہے۔

ضلع پورنیہ کے اقلیتی بہبود کی طرف سے آج کلا بھون پورنیہ میں ایک دعائیہ مجلس جناب محفوظ الرحمان اعجاز صدر انجمن اسلامیہ پورنیہ کی صدارت میں منعقد کی گئ۔ مجلس کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ نعت نبی مولانا ضمیر الحسن صاحب اور قاری محمد حنظلہ نے پیش کیا۔ مولانا استخار الزماں قاسمی نے حاجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ حج میں جا رہے ہیں۔ اخلاص نیت ویسے تو ہر ایک کے لازم و ضروری ہے۔ لیکن حجاج بطور خاص اپنی نیتوں کو خالص کریں۔ صحت کا خیال کریں اور جو مخصوص ایام ہیں ان کو اپنے حق میں استعمال کریں۔ ریاضت و عبادت میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔

مفتی احمد حسین قاسمی نے کہا کہ اگرچہ یہ مجلس آپ کے لیے منعقد کی گئ ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ آپ کی دعاؤں کی ہمیں ضرورت ہے۔ آپ دنیا کی بہترین جگہوں میں جا رہے ہیں۔ ادب ہر لمحہ ملحوظ رہے۔

بتادیں کہ پورنیہ ضلع سے 2025 میں 160 افراد حج کو جا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام عازمینِ حج کو خلوصِ نیت عطا فرمائے ۔ آمین

اقلیتی بہبود پورنیہ کی طرف سے ضلع کے تمام مدارس، وقف بورڈ سنی/شیعہ، مشہور مساجد کے ائمہ اور ذمہ داران مدعو تھے۔ مدارس ملحقہ کی طرف سے مدرسہ ٹیچرس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ذمہ داران دعائیہ مجلس میں شریک رہے۔ جامعہ صدیقیہ ڈگروا، مدرسہ غنچہ اسلام دھرمباڑی، مدرسہ اشاعت العلوم امور، مدرسہ مشعل اسلام سلتا، مدرسہ اصلاح المسلمین سملباڑی، مدرسہ الہیہ رنگریا، مدرسہ انجمن اسلامیہ خزانچی ہاٹ وغیرہ کے صدر مدرسین شریک رہے۔روی شنکر ڈپٹی ڈائریکٹر اقلیتی بہبود پورنیہ نے ہر ایک کا شکریہ ادا کیا۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔