شیخ حسینہ کی پریس کانفرنس کے بعد سابق بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کے آبائی گھر پر حملہ

ڈھاکہ/مگورا: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق رکنِ پارلیمان شکیب الحسن کے آبائی گھر پر نامعلوم افراد نے حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور مبینہ طور پر اسے پیٹرول بم سے نذرِ آتش کرنے کی بھی کوشش کی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند گھنٹے قبل شکیب الحسن نے بھارت کے شہر نئی دہلی میں جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی پریس کانفرنس میں ورچوئل طور پر شرکت کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق حملہ بنگلہ دیش کے ضلع مگورا میں واقع شکیب الحسن کے آبائی مکان پر کیا گیا۔ مشتعل افراد نے مکان میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگانے کی کوشش بھی کی، تاہم مقامی لوگوں اور پولیس کی بروقت مداخلت کے باعث بڑا نقصان ٹل گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کی وجہ شکیب الحسن کا شیخ حسینہ کی پریس کانفرنس میں شریک ہونا بتایا جا رہا ہے۔ شیخ حسینہ نے نئی دہلی سے خطاب کرتے ہوئے اپنی جماعت عوامی لیگ پر عائد پابندی ختم کرنے، سیاسی کارکنوں کی رہائی اور بنگلہ دیش واپس آنے کے عزم کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد ملک میں سیاسی کشیدگی مزید بڑھ گئی۔

واضح رہے کہ شکیب الحسن نہ صرف بنگلہ دیش کے کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں بلکہ وہ عوامی لیگ کے ٹکٹ پر رکنِ پارلیمان بھی رہ چکے ہیں۔ 2024 کی عوامی تحریک کے بعد انہیں اپنی سیاسی وابستگی کے باعث شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کے بعد سے وہ مسلسل تنازعات میں گھرے ہوئے ہیں۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔