گھر واپسی کا صحیح راستہ " اسلام " ہے
مولانا ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے جمعیت علماءِ ہند کے اسٹیج سے مذہب اسلام کی اولیت اور ابدیت کا جو اعلان کیا ہے، وہ اللہ کی کتاب ” قرآن کریم ” کے حوالے سے کیا ہے۔
اور ہم مسلمانوں کا ایمان و عقیدہ اور دعویٰ ہیکہ کتابِ ہدایت یعنی قرآن مقدس کے علاوہ کسی بھی مذہب کی کوئی بھی مذہبی کتاب ایسی نہیں بچی ہے جس میں تحریف نہ ہوئی ہو اور اس میں رد و بدل نہ کیا گیا ہو _ مذہبی کتابوں میں صرف "قرآن کریم” ہی وہ واحد کتاب ہے جو وقتِ نزول سے آج تک حرف بہ حرف محفوظ ہے ، جو کہ مذہب اسلام کی سچائی اور اس کی ابدیت کی واضح دلیل ہے – اس کے علاوہ سارے مذاہب کی کتابوں میں تبدیل و تحریف ہوئی ہے ۔
سوامی جی اس چیلنج کو قبول کرلیں۔اگر وہ اپنے دعویٰ میں سچے ہیں!
ساڑھے چودہ سو سال پہلے ہی اسی بات کا اعلان خود اس ذات اقدس نے اپنی زبان مبارک سے کیا تھا جن کی آمد کی بشارت دیگر مذہبی کتابوں میں بھی دی گئی ہے۔ یعنی ساری کائنات کے نبی محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا :
ما من مولود إلا يولد على الفطرة، فابواه يهودانه، وينصرانه، ويمجسانه………ثم يقول ابو هريرة: واقرءوا إن شئتم:” فطرة الله التي فطر الناس عليها لا تبديل لخلق الله سورة الروم آيت نمبر 30
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہر ایک بچہ فطرت پر پیدا ہوتا ہے (یعنی اس عہد پر جو روحوں سے لیا گیا تھا یعنی دین اسلام پر اور اسلام قبول کرنے کی فطری استعداد پر پیدا ہوتا ہے ) پھر اس کے ماں باپ اس کو یہودی بناتے ہیں اور نصرانی بناتے ہیں اور مجوسی بناتے ہیں ( یعنی قریبی ماحول و حالات سے بچہ کا ذہن متاثر ہوجاتا ہے جس کی بنا پر وہ فطرت اسلام سے ہٹ جاتا ہے )…….. پھر سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ تمہارا جی چاہے تو اس آیت کو پڑھو ! «فِطْرَةَ اللهِ الَّتِي فَطَرَ النَّاسَ عَلَيْهَا لاَ تَبْدِيلَ لِخَلْقِ اللَّه» یعنی اللہ کی تخلیق وہی ہے جس پر اللہ نے لوگوں کو پیدا کیا ہے ، اللہ کی تخلیق میں کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی ۔
قرآن و حدیث کی روشنی میں یہ بات اظہر من الشمس ہوگئی کہ دنیا کا سب سے پہلا اور آخری مذہب ” مذہب اسلام ” ہے مسلمانوں سے گھر واپسی کی بات کرنا یہ بھٹکے ہوئے کا دوسروں کو راستہ دکھانے اور غلط راستے کی رہنمائی کے مترادف ہے، گھر واپسی کا صحیح راستہ مذہب اسلام ہے ۔
خالق و مالک بھٹکے ہوئے کو صراط مستقیم پر گامزن فرمائے۔ اسلام کا بول بالا فرمائے اور ہمارے اکابر علماء کی اللہ بھرپور حفاظت فرمائے۔
آمین