ایئر انڈیا کی فلائٹ میں لندن جانے کےلیے ۲۴۲ مسافر سوار تھے، حادثہ ٹیک آف کے دوران ہوا،ایمرجنسی نافذ، چھٹیاں منسوخ
احمدآباد ۔۱۲؍جون:
گجرات کے احمد آباد میں آج (جمعرات) دوپہر کے قریب ایک بڑا ہوائی حادثہ پیش آیا۔ ایئر انڈیا کی لندن جانے والی پرواز، جس میں تقریباً 242 مسافر سوار تھے، اڑان کے فوراً بعد میگھانی نگر کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گئی۔ حادثے کے بعد علاقے میں دھوئیں کے بادل اور زوردار دھماکے کی آوازوں نے مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیلایا۔ریسکیو آپریشن جاری ہے اور طبی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔ تمام قریبی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے تاکہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ ہو۔ اس وقت تک حکام کی جانب سے حادثے کے اسباب اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ایئر انڈیا کی پرواز 171 احمد آباد سے لندن گیٹ وک جا رہی تھی۔ یہ واقعہ احمد آباد کے ایئرپورٹ کے قریب ہی پیش آیا ہے، جو گجرات کا سب سے بڑا اور مصروف ہوائی اڈہ ہے۔تازہ اطلاعات کے مطابق آج، 12 جون 2025 کو، ہندوستان کی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن کے لیے روانہ ہونے والا ایئر انڈیا کا بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارہ پرواز کے فوراً بعد میگھانی نگر کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں تقریباً 242 مسافر سوار تھے۔حادثے کے بعد ایئرپورٹ کے قریب دھوئیں کے بادل اور زوردار دھماکے کی آواز نے مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیلایا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ مقامی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور تمام ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ابھی تک حادثے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ یہ واقعہ ایئر انڈیا کے لیے ایک سنگین حادثہ ہے اور ایوی ایشن حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔