ٹرمپ کے ’’بورڈ آف پیس‘‘ کے اجلاس میں بھارت کی بطور مبصر شرکت

واشنگٹن ڈی سی: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے قائم کردہ ’’بورڈ آف پیس‘‘ کے پہلے بین الاقوامی اجلاس میں بھارت نے بطور مبصر شرکت کی۔ یہ اجلاس امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوا جس میں مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے اس فورم کی باقاعدہ رکنیت اختیار نہیں کی، تاہم امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں بھارتی سفارت خانے میں تعینات بھارت کے قائم مقام سفیر، نامگیا سی کھمپا نے اجلاس میں ملک کی نمائندگی کی۔ اس پیش رفت کو سفارتی سطح پر اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ بھارت نے پہلی مرتبہ اس امریکی قیادت والے امن فورم کی کارروائی میں حصہ لیا ہے۔

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں بھارتی سفارت خانے میں تعینات بھارت کے قائم مقام سفیر، نامگیا سی کھمپا نے ملک کی نمائندگی کی۔

صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ’’بورڈ آف پیس‘‘ کو ایک ایسے عالمی پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا ہے جو بین الاقوامی تنازعات کے حل اور امن کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر توجہ دے گا۔ امریکی قیادت کا دعویٰ ہے کہ یہ فورم روایتی عالمی اداروں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے، تاہم بعض ممالک نے اس کی افادیت اور دائرۂ کار پر تحفظات بھی ظاہر کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تقریباً پچاس ممالک کے نمائندے شریک ہوئے، جن میں سے متعدد ممالک بورڈ کے باضابطہ ارکان ہیں، جبکہ چند ممالک نے مبصر کی حیثیت سے شرکت کی۔ سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارت کی موجودگی اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ نئی عالمی صف بندیوں اور امن کوششوں پر نئی دہلی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔