Site icon

كوئى نيكى معمولى نہيں

✍️ ڈاکٹر محمد اکرم ندوی، آکسفورڈ

________________

آج ماه ربانى كا پہلا دن ہے، رات ميں ايكـ نصيحت آميز ورقت خيز خواب ديكها، داعيه ہوا كه اسے نشر كيا جائے، خرد روشن بيں نے مشوره ديا كه مسلمانوں كو خواب وخيال اور كشف والہام كے بادۂ ناب سے سرشار كرنا خيانت ہے، سرچشمۂ رشد وہدايت صرف وحى ہے، جو بات قرآن وسنت ميں نہيں وه ہدايت نہيں، اور جو كچهـ قرآن وسنت ميں ہے اسے كسى بيساكهى كى احتياج نہيں، مقتضائے خواب پر عمل كرنا يا نه كرنا دونوں برابر ہيں، بلكه خواب مكڑى كے جالے كى مانند اس قدر كمزور ہے كه مضبوط سے مضبوط بات بهى اس سے بے وزن ہو جاتى ہے:
چو غلام آفتابم هم از آفتاب گویم
نه شبم نه شب پرستم که حدیث خواب گویم
مسلمانوں كو جو تعليم بهى دى جائے ضرورى ہے كه اس كى بنياد الله ورسول كے فرمان پر ہو، الله ورسول كى اطاعت دين ہے، كسى اور كى اطاعت كو اس كے مساوى يا مماثل قرار دينا ضلال مبين ہے۔
الله تعالى كا ارشاد ہے "فمن يعمل مثقال ذرة خيرا يره” سورة الزلزال آيت 7، ترجمه: "جو ذره برابر نيكى كرے گا وه اسے ديكهے گا”، صحيح مسلم ميں ہے: ” لا تحقرن من المعروف شيئا” ترجمه: "نيكى كى كسى چيز كو معمولى نه سمجهو”۔
قيامت ميں كام آنے والى پونجى وه نيكـ اعمال ہيں جنہيں ہم اس دنيوى زندگى ميں بجا لاتے ہيں، سمجهدار وه ہے جس كى نيكياں زياده ہوں اور برائياں كم ہوں، نيكى كمانے كا كوئى موقع ہاتهـ سے جانے نه ديں، بڑى نيكياں تو بڑى ہيں ہى، چهوٹى نيكياں بهى اكٹها ہوكر بڑى ہوجاتى ہيں، بسا اوقات كوئى چهوٹى نيكى الله تعالى كو ايسى بها جاتى ہے كه اسے كئى گنا بڑها ديتا ہے، صحابۂ كرام رضي الله عنہم نے خدا كى راه ميں جو قليل المقدار چيزيں خرچ كيں وه بهى احد پہاڑ سے گراں تر ہوگئيں۔
ايكـ بار سبحان الله كہنے كا ثواب اتنا زياده ہے كه اس سے آسمان وزمين كے درميان كا سارا خلا بهر جاتا ہے، دنيائے فانى كى كوئى مملكت بهى اتنى بڑى نہيں، جب ايكـ سبحان الله كا اتنا ثواب ہے تو قرآن كى ايكـ آيت پڑهنے كا ثواب كتنا زياده ہوگا، اور اگر وه آيت نماز ميں پڑهى جائے تو ثواب كئى بار المضاعف ہوجائے گا، ركوع كا ثواب كتنا زياده ہوگا، اور سجده كس قدر قربت كا وسيله ہوگا، چلتے پهرتے ذكر الہى كريں، ملكوت السموات والارض پر غور كريں، كتاب الہى ميں تدبر كريں، قيام وركوع وسجود كريں، اور نيكياں بڑهاتے جائيں۔
جب ہم با وضو ہوكر مسجد كے لئے نكلتے ہيں تو ہر قدم پر ايكـ گناه معاف ہوتا ہے اور ايكـ نيكى لكهى جاتى ہے، راسته ميں اگر ذكر كريں تو اور بهى نيكياں لكهدى جاتى ہيں، كسى كو راسته بتاديا، يا لوگوں كے راسته سے كوئى تكليف ده چيز ہٹا دى تو اس كا ثواب الگ ہوگا، مسجد ميں بيٹهكر جماعت كا انتظار كرنا نماز پڑهنے كے حكم ميں ہے، كس قدر ناداں ہے وه جو اس قيمتى انتظار كو وقت كا زياں سمجهتا ہے، خانۂ خدا ميں خلوت گزينى سلامت فطرت، نور بصيرت، استقامت مزاج اور صفائے باطن كا نشاں ہے۔
كسى بهوكے كو كهانا كهلاديا، كسى كو پانى پلاديا، كسى بيوه اور يتيم كى مدد كردى، كسى غريب لڑكى كى شادى ميں حصه لے ليا، كسى كو افطارى كرادى، كسى كى غمخوارى كردى، كسى بيمار كى عيادت كرلى، كسى مصيبت زده كو تسلى دے دى، كسى سے خوشدلى كے ساتهـ بات كرلى، ان سب خصلتوں كا اجر بہت بڑها ہوا ہے، مخلوقات كى نفع رسانى ميں سعى كريں، اور دل كو ہر كدورت سے پاكـ صاف ركهيں:
آئين ما است سينه چوں آئينه داشتن
كفر است در طريقت ما كينه داشتن
كسى كو وضو كرنا سكهاديا، قرآن كريم كى كوئى سوره پڑهادى، نماز ادا كرنے كا طريقه بتاديا، مسائل زكات كى تشريح كردى، حلال وحرام سمجها ديا، خدا كى محبت دلوں ميں بيٹهادى، پيغمبر كى سنتوں سے مانوس كرديا، تو يه نيكى كے بڑے كام شمار ہوں گے۔
اگر سارى نيكيوں كا بيان كروں تو اسے ايكـ دفتر چاہئے، اس مختصر مضمون ميں كہاں گنجائش كه وه سب آسكے، تو خود حديث مفصل بخواں ازيں مجمل
ذہن ميں ركهيں كه سارى نيكيوں كى جڑ خدا كا استحضار ومراقبه ہے، كوئى عمل اسى وقت نيكـ شمار ہوتا ہے جب اس كا محركـ نيكـ ہو، يعنى وه عمل صرف الله تعالى كو خوش كرنے كے لئے كيا گيا ہو، جس عمل ميں كوئى آميزش ہو اسے نيكـ نہيں كہا جاتا۔
اگر ہم چاہتے ہيں كه ہمارى ہر نيكى كئى گنا بڑهادى جائے تو اس كا طريقه يه ہے كه نيكى كريں، اور نيكى كرنے پر خدا كا شكر بجا لائيں، فقيه عراق امام ابراہيم نخعى رحمة الله عليه فرماتے ہيں كه اعمال كا ثواب كوئى چيز اس قدر المضاعف نہيں كرتى جس قدر شكر اسے بڑهاتا ہے، ہر نيكى كے بعد انكسارى كريں، الله تعالى كے سامنے اپنى عاجزى كا اعتراف كريں اور صدق دل سے كہيں كه اے الله اگر تيرى توفيق نه ہوتى تو هم يه كام كبهى نه كرتے، ہمارا ہر نيكـ عمل صرف تيرے فضل جسيم واحسان عميم كا ثمره ہے:
وفدتُ على الكريم بغير زادٍ
من الحسنات والقلبِ السليم
فإن الزاد أقبحُ من قبيح
إذا كان الوفودُ على الكريم

Exit mobile version