Slide
Slide
Slide

ننانوے فیصد مسلمان پر توجہ دیں

از:  ڈاكٹر محمد اكرم ندوى،آكسفورڈ

 ميرے كئى شاگرد مسلمانوں كے درميان تعليم ودعوت كے ميدانوں ميں سر گرم ہيں، ان كى كوششيں بار آور ہو رہى ہيں، انہوں نے مختلف موقعوں پر ايك دشوارى كا اظہار كيا جس كى وجه سے ان كو تشويش ہونے لگتى ہے، اور وه يه ہے كه كچه لوگ مسلك پرستى اور فرقه واريت كى باتيں كركے انہيں الجهانے كى كوشش كرتے ہيں، ان كا جواب كس طرح ديا جائے؟۔

یہ مضمون اسى استفسار كا جواب ہے۔

 خدا كے دين كا كام كرنے والوں كى راه ميں شيطان ہميشه ركاوٹيں ڈالتا رہا ہے، كبهى كبهى خود عام مسلمانوں اور نيك لوگوں كو اس كام كے لئے استعمال كرتا ہے، اس لئے گهبرانے كى ضرورت نہيں ہے، چند باتوں كو ذہن ميں ركهيں، ان شاء الله آپ فتنوں سے محفوظ رہيں گے، اور الله تعالى كى مدد آپ كے ساته ہوگى۔

 پہلى بات:   آپ ہمه وقت اپنى نيتوں كا جائزه ليں، صرف خدا كے لئے كام كريں، كسى سے مقابله كرنے يا جيتنے كى خواہش آپ كے اندر نه ہو، اگر مقابله اور جيتنے كى خواہش ہو تو پهر آپ شيطان كے تصرف ميں ہيں، آپ كے كام ميں كوئى بركت نہيں ہوگى، اور خدا كى مدد آپ سے كوسوں دور ہوگى۔

 دوسرى بات يه ہے كه ہر حال ميں مسلمانوں كے درميان اتحاد قائم ركهنے كى كوشش كريں، مسلمانوں كى يك جہتى ان كى اور ان كے دين كى حقيقى قوت هے، جس طرح عناصر كے ملنے سے نئے نئے مركبات متشكل ہوتے ہيں، اسى طرح مسلمانوں كے اجتماع سے امت واحده وجود پزير ہوتى ہے، افراد كا الگ الگ وجود قوت سے خالى ہوتا ہے، ان كا اتحاد قوت پيدا كرتا ہے، اور ان كا اختلاف ملت كا شيرازه بكهير ديتا ہے، مسلمانوں كے درميان كسى افتراق كا پيدا كرنا گناه كبيره ہے، اس كا ايك آسان حل يه ہے كه جو بهى خدا كے دين كا كام كر رہا ہو اس كا تعاون كريں، اس كے لئے دعائيں كريں، اسے اپنا مد مقابل ہر گز نه سمجهيں، يه بہت ممكن ہے كه دوسروں كا طريقه آپ سے مختلف ہو، طريقۂ كار كا اختلاف بالكل طبعى ہے، اس سے آپ كا دين اور دوسروں كا دين الگ نہيں ہوجاتا۔

 يه بهى ممكن ہے كه كچه لوگ آپ كو گمراه قرار ديں، آپ پر كفر وفسق كے فتوے لگائيں، اس سے فكر مند نه ہوں، كسى كے فتوى سے كوئى كافر نہيں بن جاتا، البته آپ كسى مسلمان كو كبهى گمراه، فاسق يا كافر نه كہيں، يه گناه كبيره اور جرم عظيم ہے، مسلكوں اور رايوں كے اختلاف كے باوجود تمام مسلمانوں كو اپنا بهائى سمجهيں، اور كسى كو اپنى زبان يا ہاته سے تكليف نه پہنچائيں، مسلمانوں بلكه عام انسانوں سے نفرت كرنا مرض خبيث كى علامت ہے، جو دل نفرت كرنے والا ہو اس ميں خدا نہيں ہوتا۔

 تيسرى بات يه ہے كه مسلك پرست اور فرقه پسند لوگ به مشكل ايك فيصد ہوں گے، آپ ان سے اعراض برتيں، اور عام مسلمانوں پر توجه كريں، جديد تعليم حاصل كرنے والے خالى الذہن ہوتے ہيں، ان ميں تعليم ودعوت كا كام كريں، سكولوں كے طلبه كے لئے ان كے فارغ اوقات ميں دينيات كى تعليم كا اہتمام كرين، مثلا روزانه شام كو ايك گهنٹه اور اتوار كے دن چند گهنٹے انہيں قرآن اور سنت پڑهائيں، نماز كا طريقه سكهائيں، اور اسلام كى بنيادى تعليمات توحيد، رسالت، آخرت، جنت، جہنم وغيره كى تفصيلات سے انہيں روشناس كرائيں، اسى طرح كالجوں اور يونيورسيٹيوں كے طلبه اور طالبات كے لئے قرآن كريم كے حلقے قائم كريں، اور مختلف دينى موضوعات پر ان كى تعليم وتربيت كا انتظام كريں۔

 مسلمانوں ميں مسلك پرستى اور فرقه پسندى كے رجحان كو كم كرنے كا آسان راسته يه ہے كه دين سے ان كا رشته مضبوط كريں، اور انہيں دين كے بنيادى مراجع قرآن وسنت سے جوڑيں، فرقه پرست لوگ قرآن وسنت سے بهاگتے ہيں اور اپنے اپنے اكابر كى كتابيں لوگوں كو پڑهاتے ہيں، كيونكه قرآن وسنت بيخ كنان فرق ومسالك ہيں، اور جمع آوران اہل ايمان واسلام ہيں۔

 ميں نے يہاں انگليند كى يونيورسيٹيوں كے طلبه پر كام شروع كيا، الحمد لله ميرى توقع سے زياده فائده ہوا، كچه فرقه پرست لوگوں كو يه بات گوارا نه ہوئى، انہوں نے ميرے خلاف پروپيگنڈه شروع كيا، ميں نے انہيں كوئى جواب نه ديا، ان كى طرف سے بار بار پيغام آيا كه ميں جواب كيوں نہيں دے رہا ہوں، ميں نے كہلواديا كه ميرے پاس كوئى جواب نہيں، آپ اپنى جيت كا اعلان كركے خوشى منائيں، خدا كا شكر ہے كه ميں نے كبهى ان سے الجهنا گوارا نہيں كيا، اس كا نتيجه ہے كه كام ميں بركت ہو رہى ہے، اور خود ان فرقه پرستوں كے گهروں كے لوگ اور ان كے متعلقين ميرے دروس ميں شركت كر رہے ہيں۔

 امريكه، يورپ بلكه ہندوستان كى يونيورسيٹيوں ميں بار بار جانا ہوا، لوگ دين سيكهنے كے لئے بيچين ہيں، وہاں نه كوئى مسلك پرست ہے اور نه فرقه پسند، لوگ صرف خدا كى عبادات كا طريقه جاںا چاہتے ہيں، لكهنؤ ميں لڑكيوں كے ايك اسكول ميں مجهے دعوت دى گئى جس ميں تين ہزار طالبات ہيں، ميں نے ان كے سوالات كے جواب ديئے، پرنسپل صاحبه نے مجه سے فرمايا كه آپ پہلے عالم ہيں جنہوں نے يہاں آنے كى زحمت كى، يعنى ميدان بالكل خالى ہے، سارى لڑائى صرف ايك فيصد مسلمانوں پر قبضه جمانے كى ہے، آپ اس ايك فيصد سے منه موڑ كر ننانوے فيصد پر توجه ديں۔

 آپ مسلك پرست اور فرقه پسند لوگوں كى نفرتوں سے پريشان نه ہوں، مناظره بازى كى دعوتوں كے جواب ميں اپنى شكست كا اعتراف كرليں، اور اپنے كام ميں كوتاہى نه كريں، ايك بار پهر اس پر زور ديتا ہوں كه جب بهى كوئى آپ كو مناظره كى دعوت دے يا مناظرانه طريقه پر آپ كے متعلق كچه لكهے يا كہے آپ ہرگز اس كا جواب نه ديں، خواه وه كتنى ہى شكايت كرے، شكايتوں سے نفس كا بوجهل ہونا مناظره كى نجاست غليظه سے آلوده ہونے سيكڑوں درجے بہتر ہے، مناظره دين كو اسى طرح صاف كرديتا ہے جس طرح استرا بالون كو صاف كرديتا ہے، مناظره غارت گر حقيقت اسلامى ہے، دزد متاع ايمانى ہے، مفسد ملت، ومخرب اخلاق ہے۔

 چوتهى بات يه ہے كه آپ خود كسى مسلك كى دعوت نه ديں، صرف خدا كے دين كى دعوت ديں، لوگوں كے اندر خدا كا خوف پيدا كريں، آخرت كى فكر پيدا كريں، قرآن وسنت كى تعليم ديں، قرآن كريم مسلمانوں كا مكمل ہدايت نامه ہے، اس ميں كوئى چيز بيان كرنے سے ره نہيں گئى، اور نه كسى كو اس كى اجازت ہے كه وه اس پر كچه اضافه كرے، نبى اكرم صلى الله عليه وسلم مسلمانوں كے حقيقى امام ہيں، ہر انسان پر آپ كى پيروى فرض ہے، جس كى بات بهى آپ كے مخالف ہوگى ہے وه مردود اور نا قابل قبول ہے۔

آخرت ميں نجات كے لئے ايمان اور عمل صالح كافى ہے، نعمت خداوندى تمام ہو چكى ہے، اس اتمام كے بعد كوئى تبديلى ممكن نہيں، دين خداوندى مكمل ہو گيا ہے، اكمال كے بعد مزيد تكميل كى گنجائش نہيں، اسى بات كى تعليم ديں، اس كى تشريح كے لئے پيغمبروں كے نمونوں كو بيان كريں، اور صحابه كرام اور تابعين كے واقعات تائيد ميں پيش كريں، متاخرين كا نام نه ليں، كيونكه وه نام مسلمانوں ميں تفريق كا باعث بنتے ہيں، ہر قوم نے اپنے اپنے اكابر بنا ركهے ہيں، اور ان كى طرف انتساب كو لوگوں نے دين بنا ليا ہے۔

 آخرى بات يه ہے كه خدا كا دين نام ہے اطاعت اور صبر كا، آپ خدا كى اطاعت كريں، اور اس راه ميں جو دشوارياں آئيں ان پر صبر كريں، الله تعالى صبر كرنے والوں كے ساته ہے، اگر صبر كرنے كا اس كے علاوه كوئى اور انعام نه ہوتا تب بهى كافى تها، جس كے ساته خدا ہوگا اسے كوئى شكست نہيں دے سكتا، الله تعالى ہم سب كو نفس كے شرور سے محفوظ ركهے، ابنى عبادت كى توفيق دے، اور اپنے دين كى تعليم ودعوت پر لگائے، آمين۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top
%d bloggers like this: