_____________________
سیل رواں/پورنیہ
ریاست بہار کے ضلع پورنیہ کے امور بلاک میں واقع کھاڑھی باسول گاؤں میں حال ہی میں ایک زبردست آتش زدگی کا افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ جس سے تقریباً 100 گھر جل گئے، جس سے متاثرہ خاندانوں کے پاس نہ تو پناہ گاہ بچی اور نہ ہی کوئی ساز و سامان۔ اس بحران سے نمٹنے کے لیے آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ (شمالی بنگال و سیمانچل یونٹ) نے الاشرف ٹرسٹ، نئی دہلی کے ساتھ مل کر فوری طور پر حضرت اشرف ملت مولانا سید محمد اشرف کچھوچھوی دام ظلہ کے زیر تعاون و سرپرستی ایک مربوط امدادی کوشش کا اہتمام کیا۔
12 مئی 2024 کو 83 متاثرہ خاندانوں میں فوری امدادی اشیاء تقسیم کی گئیں۔ امدادی پیکج میں پناہ گاہ کے لیے 12×12 سائز کی ترپالیں، پانی محفوظ رکھنے اور غسل وغیرہ کے لئے 20 لیٹر کی بالٹیاں اور مگ اور بستر کے لیے بڑی چٹائیاں شامل تھیں۔
شمالی بنگال و سیمانچل یونٹ کی امدادی ٹیم نے اس کوشش میں اہم کردار ادا کیا۔ مفتی منظر محسن، مولانا احمد رضا سملیہ، مولانا رضوان ڈیلر آف سملیہ، قاری رفیق عالم باگڈوگرہ، مولانا علی اصغر، ڈاکٹر مولانا شہباز عالم مصباحی چشتی، محترم محسن عالم صاحب، شمشیر محسن ٬ منتظر محسن ٬ مولانا راشد انور اشرفی، مولانا قاری عبد القادر رضوی ٬ رفیق عالم چنکی٬ مولانا مناظر عالم اور دیگر نے تقسیم اور امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
اس اقدام نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی، بلکہ مشکل وقت میں اتحاد اور باہمی ہمدردی کے جذبے کی بھی عکاسی کی بالخصوص حضرت اشرف ملت کچھوچھوی دام ظلہ کی نیک دلی اور خیر خواہی اور قوم مسلم کے تئیں ان کی فکر مندی کو بھی اجاگر کیا جس کے لئے وہ واقعی بہ صد احترام شکریہ کے مستحق ہیں۔ آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ اور الاشرف ٹرسٹ کی کوششوں نے کھاری بسول گاؤں کو باز آبادکاری کی راہ پر گامزن کرنے میں واقعی اہم کردار ادا کیا۔