آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ کی جانب سے مرواں گاؤں میں امدادی اشیاء کی تقسیم
آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ کی جانب سے مرواں گاؤں میں امدادی اشیاء کی تقسیم
خصوصی رپورٹ/نمائندہ سیل رواں
ضلع اتر دیناج پور (مغربی بنگال) کے اسلام پور بلاک کے تحت مرواں گاؤں میں حالیہ آتش زدگی کے المناک واقعے نے کئی خاندانوں کو بے گھر اور بنیادی ضروریات سے محروم کر دیا۔ ایسے نازک حالات میں آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ (شمالی بنگال و سیمانچل یونٹ) نے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت فوری طور پر امدادی مہم کا آغاز کیا۔ یہ مہم پیر طریقت، اشرف ملت حضرت مولانا سید شاہ محمد اشرف میاں اشرفی کچھوچھوی دام ظلہ کی خصوصی ہدایت اور تعاون سے عمل میں آئی، جو بورڈ کے قومی صدر اور خانقاہ اشرفیہ شیخ اعظم سرکار کلاں کچھوچھہ مقدسہ کے روحانی پیشوا ہیں۔
امدادی اشیاء کی تقسیم کا آغاز 2 دسمبر 2024 کو سہ پہر 4 بجے کیا گیا۔ اس مہم میں متاثرہ نو (9) خاندانوں کو نہایت منظم اور خوش اسلوبی کے ساتھ ضروری اشیاء فراہم کی گئیں۔ ان اشیاء میں اعلیٰ معیار کے کمبل، مرد و خواتین کے لئے عمدہ چادریں، بستر کی چادریں، غذائی اشیاء جیسے موڑی کے پیکٹ اور تقریباً دس کلو چاول شامل تھے۔ یہ اشیاء متاثرین کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے فراہم کی گئیں، جن سے ان خاندانوں کو دوبارہ زندگی شروع کرنے میں مدد ملے گی۔
امدادی کارروائی کے لئے ایک ماہر ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس میں پروفیسر مولانا شہباز چشتی مصباحی، قاری رفیق عالم باگ ڈوگرا، مولانا شاہ عالم اشرفی سونا پور، ڈاکٹر صادق الاسلام، مولانا نثار دیناج پوری، ضمیر الحق اور دیگر شامل تھے۔ ٹیم نے گاؤں کا دورہ کیا اور متاثرین میں اشیاء تقسیم کیں۔ متاثرین نے اس امداد پر اپنی گہری شکرگزاری کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اقدام ان کے لئے بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے حضرت اشرف ملت اور آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اعتماد کو بھی بحال کرتا ہے۔
اس حوالے سے آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ کے قومی صدر حضرت اشرف ملت کچھوچھوی دام ظلہ کا کہنا ہے کہ: "مصیبت کی گھڑی میں بلا تفریق مذہب انسانوں کی خدمت کرنا ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ ہم نے مرواں گاؤں کے متاثرین کی باز آباد کاری کے لئے اپنی استطاعت بھر مدد فراہم کی۔ یہ امدادی اقدام” نفرت کسی سے نہیں، محبت سب کے لئے” کے جذبے کے تحت ہے جو کہ بورڈ کا سلوگن ہے۔”
واضح رہے کہ مرواں گاؤں میں چند دن قبل آگ زنی کے واقعے نے تقریباً 10 سے 12 گھروں کو جلا کر راکھ کر دیا تھا، جس کی وجہ سے کئی خاندان بے یار و مددگار ہو گئے تھے۔ اس سانحے نے نہ صرف ان کے گھر بلکہ ان کے خوابوں کو بھی خاکستر کر دیا تھا۔ ان حالات میں حضرت اشرف ملت کے فوری تعاون اور آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ کے فعال اقدام نے ان متاثرین کے لئے امید کی ایک نئی کرن روشن کی۔
متاثرین نے بورڈ کے اس فوری امدادی عمل کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حضرت اشرف ملت کو صحت و سلامتی عطا فرمائے اور ان کے دینی و ملی خدمات کو قبول فرمائے۔ بورڈ کے اراکین نے یقین دلایا کہ وہ آئندہ بھی اس طرح کے رفاہی اور فلاحی اقدامات کے ذریعے لوگوں کی مدد کرتے رہیں گے۔ یہ امدادی مہم نہ صرف انسانیت کی خدمت کی ایک شاندار مثال ہے بلکہ سماج میں یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے ایک اہم پیغام بھی ہے۔