آہ! مولانا حسین احمد قاسمی نور اللہ مرقدہ​

آہ! مولانا حسین احمد قاسمی نور اللہ مرقدہ

مفتی خالد انور پورنوی

نمونہ اسلاف،بزرگ عالمِ دین،جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیرکے سابق استاذوناظم تعلیمات،اورمدرسہ انوارالعلوم اسلامپور،پورنیہ کے سابق استاذ جناب حضرت مولاناحسین احمدصاحب قاسمی آج اس دنیائے فانی سے رحلت فرماگئے۔اناللہ واناالیہ راجعون

سادگی کے اس عظیم پیکرکو ہم نے کئی باردیکھا، جامعہ مدنیہ سبل پور،پٹنہ میں بھی،مدرسہ انوارالعلوم اسلامپور،پورنیہ میں بھی،اور پورنیہ کے مختلف اطراف میں بھی،جب بھی دیکھاان کی عاجزی، انکساری، اورفنافی اللہ جیسی عظیم صفات نے ان سے محبت کرنے پر ہمیں مجبورکردیا۔

جامعہ مدنیہ سبل پورپٹنہ کی وجہ سے بھی،مدرسہ انوارالعلوم اسلام پورکی وجہ سے بھی،اور بے وجہ بھی ان کے ساتھ رہنے اورسفرکرنےکا کئی بارموقع ملا،پیرانہ سالی، نقاہت وکمزوری کے باجودراتوں کو اٹھ کر اللہ کے  سامنے گڑگڑانے کی جوکیفیت ہم نے ان میں دیکھی،اس نے ہمیں ان کامزید گرویدہ بنادیا،اسی لئے ہم ان کے بہت زیادہ معتقد تھے،حالانکہ وہ بھی ہم سے بڑی محبت کرتے تھے۔

وہ جیدعالم دین تھے،لیکن عمل کے بھی پیکرتھے، وہ بھاگلپورمیں سے کوروڈیہیہ کے رہنے والے تھے،لیکن پورنیہ والوں کے لئے وہ سب کچھ تھے،یہاں پر کسی کے گھرمیں قدم رکھ دیں،یہ اس گھرکی خوش نصیبی سمجھی جاتی تھی،امیروغریب کی تفریق کے بغیروہ پورنیہ کے ہرگھرکو اپناگھرسمجھتے تھے،بڑی عزت اور قدرومنزلت اللہ نے انہیں دی،اللہ انہیں غریق رحمت کرے۔آمین

ان کی زندگی کے کئی گوشوں پر لکھنے اوران کو اجاگرکرنے کی ضرورت ہے،موقع ملاتو ان شاء اللہ پھر لکھیں گے۔

اللہ انہیں غریق رحمت کرے،آمین

Exit mobile version