اوقاف کے تحفظ کے لئے امارت شرعیہ کی مجلس ارباب حل وعقد کا عظیم الشان اجلاس کل : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی

تیاریاں مکمل ،مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری

امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے قائم مقام ناظم مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ امارت شرعیہ کا نظام اور طریقہ کا ر ایک ایسے مضبوط ستونوں پر قائم ہے جن کی بنیاد واساس اصول شرعیہ سے ثابت ہیں ،چنانچہ اس کی روشنی میں قرون اولیٰ کے اجلہ صحابہ نے اپنے کردار عمل سے ثابت کرکے دکھا یا ، جب نبی اکرم ﷺ نے پردہ فرمایاتو سب سے پہلے صائب الرائے صحابہ نے باہمی مشورہ سے حضرت ابو بکر صدیق ؓ کو مسلمانوں کا امیر المؤمنین منتخب کیا اور ان کے ہاتھوںپر سمع وطاعت کی بیعت کی ،اس کے بعد عہد بہ عہد دوسرے خلفاء راشدین کا انتخاب عمل میںآیا ،انہیں شرعی اصولوں کی بنیاد پر ہمارےاکابر بالخصوص مفکر اسلام حضرت مولانا ابو المحاسن محمد سجاد ؒ نے ۱۹۲۱ء میں امارت شرعیہ کی داغ بیل ڈالی تھی، مقتدر علماء و مشائخ نے اتفاق رائے سے بد ر الکا ملین حضرت مولانا شاہ بدر الدین قادری ؒ کو امیر شریعت اول منتخب فرمایا ،پھر عہد بہ عہد امراء کا انتخاب ہوتا رہا ،اخر کے ادوار میں بزرگان امارت نے انتخاب رائے کے لئے مجلس ارباب حل و عقد کے نام سے ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں بہار اڈیشہ جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کے ۸۵۱؍علماء ومشائخ اورمختلف فکر و خیال کے اصحاب فضل و کمال اور سماجی خدمت گار وں کے نمائندہ کو شامل کیا ،چنانچہ میں۲۰۲۱ ء میں اسی کمیٹی نے کثرت آراء کی بنیاد پر مفکر ملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کو آٹھواں امیر شریعت منتخب کیا ، اللہ کے فضل و کرم سےاس وقت امارت شرعیہ آپ کی امارت وقیادت میںترقی کی منزلیں طے کررہی ہے اس کے مختلف شعبہ جات کا دائرہ وسیع ہو ا ،متعدد نئےمنصوبے پایہ تکمیل کو پہونچے ، قانون شریعت کی حفاظت کے لئےبھی ہر جہت سے کو شش کی جا رہی ہے،خواہ یکساں سول کوڈ کے خلاف تحریک چلانے کا معاملہ ہو یا (NRC) کا معاملہ، ہرمرحلہ میں امارت شرعیہ کے خدام آپ کی قیادت میں مستقل طور پر سرگرم عمل ہیں ،قائم مقام ناظم صاحب نے کہا کہ جب مرکزی وزارت قانون نے وقف ایکٹ ۲۰۲۵ءمیں ترمیم کا مسودہ تیار کرنے کا منصوبہ شروع کیا جس کی آہٹ حضرت امیر شریعت نے محسوس کر لیا اور اس کے خلاف تحریک شروع کردی ،پھر مجوزہ بل سے قانون بننے تک مضبوط تحریک چلائی گئی اور وقف ایکٹ کی خطرناکی سے عام لوگوں کو روشناس کرایا گیا ،جس سے لوگوں میں بیداری آئی ،حضرت امیر شریعت نے مسلم پرسنل لابورڈ اور بہار کی ملی تنظیموں کے تعاون اور آپ حضرات کی مشترکہ حمایت ومعاونت سے بہار، اڈیشہ ،جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے نوے سے زیادہ مرکزی مقامات پر پرامن مظاہرےکروائے اور دھرنے دئیے گئے ،سیکڑوں اجتماعات ہوئے ،اب ضرورت محسوس ہوئی کہ امارت شرعیہ کی مجلس ارباب حل وعقد کے مشورے سےمستقبل کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے، چنانچہ اسی مقصد کے لئے آج ۲۵ مئی ۲۰۲۵ء روز اتور ۹ ؍ بجے دن تا ۲؍ بجے دن ارباب حل وعقد کا اجتماع حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی صدارت میں بمقام المعہد العالی امارت شرعیہ منعقد ہونے والا ہے ،جس میں تحفظ اوقاف تحریک کو سرگرم رکھنے اور ووٹر آئی کارڈ بنوانے جیسےاہم اور سلگتے ہوئے مسائل پر گفت و شنید ہوگی ،ساتھ آج ۲۵؍ مئی کو بعد نماز مغرب المعہد العالی کے گراؤنڈ میں تینوں ریاستوں کی سرکردہ شخصیات کا اجتماع ہوگا ،جس میں دوہزار سے زیادہ فرزندان توحید شرکت کریں گے قائم مقام ناظم صاحب نے کہا کہ مندوبین حضرات اس میں شرکت فرماکراپنی ایمانی غیرت کا ثبوت پیش کریںاور جو لوگ امارت شرعیہ کے وقار وعظمت اور اس کی سو سالہ روشن کا رناموں کو داغ دار کرنے کی سازش میں لگے ہوئے ہیں اپنی اجتماعی قوت اور اتحاد و ہم آہنگی سےاس کا جواب دیں ۔ دونوں اجتماعات کی تیاریاں مکمل کرلی گئ ہیں ،اور ان تیاریوں میں ذمہ دارن وکارکنان امارت شرعیہ اور پھلواری شریف کے نوجوانوں اور بزرگوں نے بھر پور تعاون کیا ہے ،اللہ تعالیٰ ان حضرات کو اپنے شایان شان بدلہ عطاء فرمائے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔