واقعۂ کشن گنج: آج کچھ درد میرے دل میں سوا ہوتا ہے

از:- محمد نوشاد نوری قاسمی

استاذ دار العلوم وقف دیوبند

کشن گنج سے مسلکی منافرت کی جو تازہ مثال سامنے آئی ہے، وہ قابلِ مذمت ہے، جب علمی اختلاف سماجی انتشار میں تبدیل ہو جائے تو ایسے واقعات کا رونما ہونا باعثِ حیرت نہیں رہتا، ایسے موقع پر عوام و خواص، دونوں کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں، کم علم اور کم فہم لوگ ایسے واقعات سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور باہمی نفرت کے شعلوں کو ہوا دینے میں لگ جاتے ہیں۔

ہمیں یہ سمجھنا ہے کہ ہماری فضیلت اور عظمت کی بنیاد کوئی مسلک نہیں؛ بلکہ دینِ اسلام اور رسولِ پاک ﷺ سے نسبت ہے۔ مسلم سماج کسی نفرت کی پیداوار نہیں؛ بلکہ رسولِ پاک ﷺ کی عالمگیر رحمت کا نتیجہ ہے؛ مسلم سماج کی پہچان نفرت نہیں، محبت ہے؛ انتشار نہیں؛ ہم آہنگی ہے؛ توہین نہیں؛ باہمی احترام ہے، مسلم سماج کی تشکیل کسی جماعت یا فرقے نے نہیں کی ہے؛ بلکہ یہ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات پر قائم ہے، رسولِ پاک ﷺ کی مبارک تعلیمات نہ صرف مسلم سماج؛ بلکہ پوری انسانیت کے لیے باعثِ نجات ہیں۔
امتِ مسلمہ میں علماء کے درمیان علمی اختلاف کا پایا جانا ایک قدیم روایت ہے، علمی اختلافات ہوئے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے؛لیکن اختلاف کے باوجود باہمی احترام ہماری علمی روایت کا ایک روشن حصہ ہے، علمی اختلاف کا ہونا برا نہیں، اور نہ ہی علمی اختلاف کی بنیاد پر مختلف مسالک کا وجود برا ہے؛ ہاں، مسلکی اختلاف کو عداوت میں تبدیل کرنا یا اسے سماجی انتشار کا ذریعہ بنانا ہر اعتبار سے قابلِ مذمت اور لائقِ ملامت ہے۔
مجھے اس بات سے انکار نہیں کہ ہماری تاریخ میں بعض علماء شدت پسند بھی رہے ہیں، ان کے مزاج میں شدت کا اس قدر غلبہ رہا کہ جزوی اور فروعی مسائل میں بھی وہ اپنے مخالفین کو كافر تك كهه ڈالتے تھے، بعض دفعه اخلاقیات کا سارا درس فراموش کر بیٹھتے تھے، وہ اپنے مخالفین پر طرح طرح کے الزامات عائد کرتے تھے، ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے حسنِ اخلاق کی خوشبو کبھی ان کے ذہن و دماغ تک پہنچی ہی نہ ہو؛ لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے كه شدت پسندی کا یہ مزاج مسلم سماج کی رہنمائی اور تعمیر کے لیے کبھی آئیڈیل نہیں بن سکا،مسلم سماج نے ہمیشہ انہی علماء کرام کو اپنا پیشوا سمجھا ہے جنہوں نے حکمت و بصیرت کے ساتھ سماج کا رشتہ دین سے جوڑا، رسولِ پاک ﷺ کی محبت، آپ ﷺ کی پیروی اور حلال و حرام کا سبق سکھایا، علم کی روشنی پھیلائی، اللہ کے حقوق اور اللہ کے بندوں کے حقوق بتائے، رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی، پڑوسیوں کے ساتھ حسنِ سلوک اور سماج کے تمام طبقات کے ساتھ محبت و ہمدردی کی بنیادیں مضبوط کیں۔

سماج کے باشعور حضرات- جن میں علماء کرام، جدید تعلیم یافتہ طبقہ، سیاست داں، صحافی، سماجی کارکن اور دینی و عصری اداروں کے طلبہ شامل ہیں- کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس صورتِ حال میں اپنا کردار ادا کریں، منبر و محراب، قلم و قرطاس اور سوشل میڈیا کو نفرت پھیلانے کا ذریعہ نہیں، بلکہ اصلاحِ معاشرہ اور اتحادِ امت کا وسیلہ بنائیں اور اس طرح كے واقعات کو حکمت و بصیرت کے ساتھ حل کریں۔ یہ مسئلہ کسی ایک فرقے کا نہیں، بلکہ پورے مسلم سماج کا ہے، یاد رکھیے کہ سماج تو ایک ہی ہے۔ ہر ممکن کوشش کیجیے کہ ہمارے دینی یا سماجی کام کسی بھی طرح نفرت اور عداوت کا شکار نہ ہوں، جلسوں کے اسٹیج، مساجد کے منبر و محراب اور سماجی پلیٹ فارم کو کسی بھی حال میں مسلکی تعصب اور سماجی انتشار کا ذریعہ نہ بننے دیجیے۔
یہ بھی یاد رکھیے کہ منصف مزاج اور مخلص علماء ہر فرقے اور ہر جماعت میں موجود ہیں، کسی ایک واقعے کو بنیاد بنا کر پوری جماعت کو موردِ الزام نہ ٹھہرائیے۔،کشن گنج کا حالیہ واقعہ ایک ناپسندیدہ واقعہ تھا، جو بہرحال رونما ہو چکا ہے، اب اسے مزید ہوا نہ دی جائے؛ بلکہ اس کی تلافی اور اصلاح کی کوشش کی جائے۔

میں تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام سے کہنا چاہوں گا کہ یہ کمزور سماج ہزاروں بار ہماری ناعاقبت اندیشی کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ اب اس پر رحم کیا جائے، اسے مزید آزمائشوں میں نہ ڈالا جائے، یہ سماج ہمارا اور آپ کا محسن ہے؛ اس نے ہماری اور آپ کی پرورش کی ہے، اس نے ہمیں اور آپ کو محبت دی ہے۔ خدارا! احسان کا بدلہ احسان سے دیجیے۔ یاد رکھیے کہ مسلمان تو وہی ہے جس کے بارے میں ہم سب کے آقا، آقائے نامدار، مدینے کے تاجدار حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے ارشاد فرمایا:’’مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔‘‘(صحیح البخاری، حدیث نمبر: 10)
اللہ تعالیٰ ہمیں اخلاص اور شعور عطا فرمائے، هماري صلاحيتوں كو مثبت اور تعميري كاموں ميں استعمال فرمائے ، خاص طور سے اختلاف کے باوجود عدل و انصاف اور محبت واحترام کا دامن تھامے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
شاید کہ اتر جائے ترے دل میں مری بات!

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔