آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ یونٹ سملیہ کے زیر اہتمام عرس اعلی حضرت کا شاندار انعقاد
_______________
گزشتہ شب سملیہ، ضلع اتر دیناج پور، مغربی بنگال کی جامع مسجد میں آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ یونٹ سملیہ کی جانب سے عرس اعلی حضرت کی مناسبت سے ایک خصوصی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقدس محفل کی قیادت امام صاحب حضرت مولانا نذر الاسلام صاحب نے فرمائی، جس میں انہوں نے اعلی حضرت امام احمد رضا خان فاضل بریلوی علیہ الرحمۃ والرضوان کی حیات اور ان کے گرانقدر خدمات پر روشنی ڈالی۔
حضرت مولانا نذر الاسلام صاحب نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ بر صغیر کے مسلمانوں کا اسلام سے جڑے رہنا حضرت خواجہ معین الدین چشتی سنجری قدس سرہٗ اور ان کے خلفاء کی کاوشوں کا مرہون منت ہے، اور آج اگر ہم اہل سنت و جماعت کے صراط مستقیم پر ہیں تو یہ اعلی حضرت فاضل بریلوی علیہ الرحمہ اور ان جیسے اکابر علماء و مشائخ کی بابرکت کوششوں کا نتیجہ ہے۔ مزید برآں، انہوں نے اعلی حضرت فاضل بریلوی کی علمی، دینی اور اصلاحی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے لوگوں کو ان کے پیغام کی اہمیت سے روشناس کرایا۔
اس کے بعد حضرت مولانا بدرالحق صاحب قبلہ کا خطاب ہوا، جس میں انہوں نے حاضرین کو نماز کی اہمیت اور اس کے بے شمار فضائل بیان کیے۔ حضرت بدرالحق صاحب نے قرآن و حدیث کے حوالے سے نماز کے فضائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور لوگوں کو نماز باجماعت ادا کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد میں نماز باجماعت ادا کرنے کا ثواب اکیلے نماز پڑھنے کے مقابلے میں 27 گنا زیادہ ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جو لوگ اپنے کاروبار یا کام کی وجہ سے مسجد نہیں پہنچ پاتے، وہ جہاں بھی ہوں، نماز کے وقت کا خیال رکھتے ہوئے وہیں نماز ادا کر لیں۔
مولانا بدرالحق صاحب نے مزید فرمایا کہ ایک دوسرے کی برائیاں کرنے، چغلی، غیبت اور بدظنی سے پرہیز کرنا چاہیے اور ہمیشہ حسن ظن رکھنا چاہیے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص دالکولا میں ہو تو وہ سملیہ کی مسجد میں ظہر کی نماز ادا نہیں کر سکتا، اسی طرح عصر کے وقت سرجاپور میں موجود شخص وہاں ہی نماز ادا کرے گا۔
مولانا بدر الحق صاحب کا شمار تجربہ کار علماء میں ہوتا ہے، جو اپنے علم و تجربے کی روشنی میں ہر ماحول کے مطابق بات کرتے ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ایسے باصلاحیت علماء کو بہت کم مواقع ملتے ہیں۔
محفل کے اختتام پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھر انتہائی سکون و وقار کے ساتھ حاضرین میں شیرینی تقسیم کی گئی۔ اس کے بعد تمام شرکاء اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔
رپورٹ: مولانا احمد اللہ سعیدی چشتی
ذمہ دار رکن آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ یونٹ سملیہ