ڈاکٹر عمار رضوی کی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات

ڈاکٹر عمار رضوی کی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات۔ محمود آباد کو ضلع اور سیتاپور کو کمشنری بنانے کا مطالبہ



لکھنؤ  (ابوشحمہ انصاری) –  سینئر بی جے پی لیڈر اور سابق کارگزار وزیر اعلیٰ، اتر پردیش ڈاکٹر عمار رضوی نے دہلی میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے سب سے پہلے محمود آباد-لکھنؤ ریلوے کراسنگ پر فلائی اوور کی تعمیر جس کے لیے ڈاکٹر رضوی طویل عرصے سےکوشاں رہے ہیں میں وزیر دفاع کے کلیدی کردار پر ان کا ذاتی طور پر و تمام اہل محمود آباد و سیتاپور کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔۔


ڈاکٹر عمار رضوی نے وزیر دفاع سے محمود آباد کو علیحدہ ضلع بنانے کے لیے اقدامات کی درخواست کی تاکہ علاقے کی ہمہ جہتی ترقی ممکن ہو اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب راج ناتھ سنگھ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ تھے، اس وقت ان کا محمود آباد کا دورہ طے تھا، مگر بعض ناگزیر وجوہات کے سبب یہ ممکن نہ ہو سکا۔ اگر یہ دورہ مکمل ہوتا، تو محمود آباد کو شاید اسی وقت ضلع کا درجہ مل چکا ہوتا۔


ڈاکٹر عمار رضوی نے وزیر دفاع کو تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیتاپور کو ایک الگ کمشنری بنایا جائے کیونکہ 1857 سے قبل یہ "خیر آباد سرکار” کے نام سے ایک مضبوط انتظامی اکائی کے طور پر موجود تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے چترکوٹ کو اس کے مذہبی اور ثقافتی مقام کی بنا پر کمشنری کا درجہ دیا گیا، اسی طرح سیتاپور میں بھی نیمی شارن (نیمشارنیہ) اور مثرکھ جیسے مذہبی و تاریخی مقامات موجود ہیں، لہٰذا اسے بھی کمشنری بنایا جانا چاہیے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات مل سکیں۔


ڈاکٹر عمار رضوی نے سابق اراکین اسمبلی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی وزیر دفاع سے اپیل کی۔ انہوں نے وزیر دفاع کو وہ خطوط پیش کیے جو انہوں نے وزیر اعلیٰ اور اسمبلی اسپیکر کو ارسال کیے تھے اور درخواست کی کہ وہ ان معاملات کے حل میں مدد کریں۔


وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ڈاکٹر عمار رضوی کے پیش کردہ تمام نکات کو سنجیدگی سے سنا اور ان کے حل کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ محمود آباد کو ضلع بنانے، سیتاپور کو کمشنری کا درجہ دینے اور سابق اراکین اسمبلی کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے تبادلہ خیال کریں گے اور ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔