منی پور تشدد کے سلسلے میں ریاست کے دورے پر گئے گٹھ بندھن انڈیا کے وفد نے گورنر سے ملاقات کی اور اپنا موقف پیش کیا ۔
منی پور تشدد معاملہ: تقریباً تین ماہ گزر چکے ہیں اور منی پور میں تشدد اب بھی جاری ہے۔ پارلیمنٹ سے لے کر سڑک تک اس معاملے سخت ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔ اسی سلسلے میں حزب اختلاف کے گٹ بندھن ’’ انڈیا‘‘ (I.N.D.I.A.) کا ایک وفد منی پور کے دورے پر ہے جہاں گٹ بندھن کے اراکین نے گورنر انوسویا یوکی سے ملاقات کی۔
اس میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ گورنر سے ملاقات کے دوران ایک تجویز دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ مرکزی حکومت پر بھی دباؤ بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک کو قبول کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو منی پور مسئلہ پر بات کرنی چاہئے۔
کانگریس ارکن پارلیمان نے مزید کہا کہ "گورنر نے مشورہ دیا ہے کہ منی پور کی صورتحال کا حل تلاش کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ جیسے ہی ہمیں موقع ملے گا، ہم پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالیں گے اور عوام کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت، ریاستی حکومت سے جو کوتاہیاں ہم نے یہاں دیکھی ہیں، انہیں بھی پیش کریں گے۔