Slide
Slide
Slide

شعب ابی طالب: سیرت نبوی میں

تبصرہ نگار: ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

_____________

        برادر گرامی محمد مشتاق تجاروی میرے دفتر تشریف لائے اور مجھے اپنی تازہ تصنیف ‘ رسول اللہ شعبِ ابی طالب میں’ پیش کی – اس پر وہ کافی دنوں سے کام کررہے تھے – 2014 میں دار المصنفین شبلی اکیڈمی میں  منعقد ہونے والے سمینار کے لیے انھوں نے اس موضوع پر ایک مقالہ لکھا تھا – میری خواہش پر انھوں نے اسے سہ ماہی تحقیقات اسلامی کے لیے دیا ، جو دو قسطوں میں اس کے جولائی – ستمبر ، اکتوبر – دسمبر 2021 کے شماروں میں شائع ہوا ، اس کے بعد بھی ان کی تحقیق جاری رہی اور وہ برابر اضافہ کرتے رہے ، یہاں تک کہ دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل کتاب تیار کرلی –
     شعب ابی طالب پر سیرت نبوی کی ہر کتاب میں مواد ملتا ہے ، لیکن بہت کم – اس پر کل مواد چند صفحات سے زیادہ نہیں ہوتا ، جس سے پڑھنے والوں کو تشفّی نہیں ہوتی تھی اور معلومات کی کمی کی وجہ سے ان کے بہت سے سوالات تشنہ رہتے تھے – ڈاکٹر تجاروی نے اپنی اس کتاب میں اس کے متعلق تمام ممکنہ سوالات کے جوابات دینے کی کوشش کی ہے – مثال کے طور پر شعب ابی طالب کا محل وقوع اور وجہ تسمیہ کیا ہے؟  قریش کے بائیکاٹ اور مسلمانوں کی محصوری کے اسباب کیا تھے؟ مقاطعہ کی دستاویز کس نے لکھی؟  مقاطعہ کے فریق کون کون تھے؟ شعب میں محصور ہونے والوں کی کل تعداد کیا تھی؟ شعب کے باہر مسلمان کتنی تعداد میں تھے؟ مسلمانوں نے محصوری کا مقابلہ کس طرح کیا؟  ان دنوں میں رسول اللہ ﷺ کی دعوتی حکمت عملی کیا تھی؟ زمانۂ محصوری میں مسلمانوں کے روز و شب کیسے گزرتے تھے؟ اس دور میں قرآن مجید کی کون کون سی سورتیں نازل ہوئیں؟ محاصرہ کے عرب کے سماج پر کیا اثرات پڑے؟ مقاطعہ کو ختم کرانے میں کن لوگوں نے سرگرم کردار ادا کیا؟ ان سوالات کا اور موضوع سے متعلق دیگر سوالات کے اس کتاب میں تفصیل سے جوابات دیے گئے ہیں –
        اس کتاب کی خوبی یہ ہے کہ اس میں ہر بات  کافی تحقیق کے بعد لکھی گئی ہے اور اس کے حوالے دیے گئے ہیں – ڈاکٹر تجاروی نے عربی اور اردو کے تمام قدیم و جدید دست یاب مراجع سے رجوع کیا ہے اور آخر میں ان کی فہرست پیش کی ہے – یہ کتاب سیرتِ نبوی کے اہم پہلو سے بحث کرتی ہے – امید ہے کہ آئندہ اس موضوع پر کام کرنے والا کوئی بھی اس کتاب سے بے نیاز نہ رہ سکے گا –
     اس کتاب کا انتساب پروفیسر محمد یٰسین مظہر صدیقی کی جانب معنیٰ خیز ہے – واقعی ڈاکٹر صدیقی کی شخصیت خرد نوازی میں بے مثال تھی – وہ اپنے شاگردوں کی برابر حوصلہ افزائی کرتے رہتے تھے اور انہیں تحریر و تصنیف کے لیے ابھارتے رہتے تھے –
    اس علمی خدمت پر میں برادر گرامی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ ان کی علمی جولانیاں ان شاء اللہ اسی طرح آئندہ بھی جاری رہیں گی –

_______

نام کتاب : رسول اللہ ﷺ شعب ابی طالب میں
مصنف : ڈاکٹر مفتی محمد مشتاق تجاروی
ناشر : ھدی پبلشنگ ہاؤس، D-110، ابو الفضل انکلیو، جامعہ نگر ،نئی دہلی
صفحات : 216 ، قیمت : 300 روپے
رابطہ : -9910702673

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top
%d bloggers like this: