ممتا بنرجی کا انقلابی منصوبہ: "بنگلار باڑی”
ممتا بنرجی کا انقلابی منصوبہ: "بنگلار باڑی”
غریبوں کے خوابوں کو حقیقی بنانے کا عزم
_______________
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ محترمہ ممتا بنرجی نے غریبوں کے لیے ایک اور تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے "بنگلار باڑی” منصوبے کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ ان غریب اور بے گھر دیہی خاندانوں کے لیے امید کی کرن ہے جو ایک چھت کے متلاشی تھے۔ وزیر اعلیٰ کی اس عوام دوست اسکیم کے تحت بنگال بھر میں لاکھوں مستحق افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ منصوبے کے تحت ہر مستحق خاندان کو 60 ہزار روپے کی پہلی قسط دی جا رہی ہے، تاکہ وہ اپنا گھر بنا سکیں۔
اُتر دیناج پور اس منصوبے کا خاص مرکز ہے، جہاں کے 46,420 خاندان اس اسکیم سے مستفید ہوں گے۔ اس ضلع کے لیے 278.5 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، اور پہلی قسط کی رقم مستحقین کے بینک کھاتوں میں منتقل کر دی گئی ہے۔ محترمہ ممتا بنرجی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "بنگلار باڑی” ان کا خواب تھا، جس کے ذریعے وہ ریاست کے ہر غریب خاندان کو ایک محفوظ چھت فراہم کرنا چاہتی ہیں۔
محکمۂ غیر روایتی اور قابلِ تجدید ذرائع توانائی کے وزیر اور ایم ایل اے گوال پوکھر جناب محمد غلام ربانی صاحب نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے اس اقدام کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا:
"محترمہ ممتا بنرجی کی قیادت نے ہمیشہ ریاست کے غریبوں اور محروم طبقے کو ترجیح دی ہے۔ ‘بنگلار باڑی’ منصوبہ اس بات کی علامت ہے کہ ہماری حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کتنا سنجیدہ ہے۔ یہ اسکیم ریاست کے ہزاروں خاندانوں کو نہ صرف ایک چھت فراہم کرے گی، بلکہ انہیں باعزت زندگی گزارنے کا موقع دے گی۔ میں وزیر اعلیٰ محترمہ ممتا بنرجی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ریاست کے عوام کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔ اُتر دیناج پور کے عوام کی جانب سے میں اس تاریخی منصوبے پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”
محمد غلام ربانی صاحب نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ریاست کی ترقی اور غریبوں کی بہبود کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت اور فلاح کے لیے بنائے گئے منصوبے بنگال کو ایک ماڈل ریاست بنائیں گے۔
عوام کی جانب سے "بنگلار باڑی” منصوبے پر زبردست خوشی کا اظہار کیا گیا۔ ضلع اُتر دیناج پور کے مستحقین نے کہا کہ یہ اسکیم ان کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی صاحبہ کی انتھک کوششوں کو سبھوں نے خراجِ تحسین پیش کیا۔
"بنگلار باڑی” نہ صرف ایک منصوبہ ہے، بلکہ عوام کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ محترمہ ممتا بنرجی کی قیادت میں بنگال روز افزوں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔