کرناٹک میں نفرت کا بازار بند،محبت کی دکانیں کھلیں: راہل گاندھی
کرناٹک میں نفرت کا بازار بند،محبت کی دکانیں کھلیں: راہل گاندھی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جیت کے لیے کانگریس کو مبارکباد دی
کرناٹک اسمبلی انتخابات: کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کانگریس کی واضح اکثریت سے کامیابی کے بعد راہل گاندھی کانگریس دفتر پہنچے اور میڈیا کو خطاب کرتے ہوئے کرناٹک کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کانگریسی لیڈروں اور کارکنان کو مبارکباد دی اورکہا کہ کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہوگیا اور اب سے محبت کی دکانیں کھل گئی ہیں ۔کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 میں کانگریس پارٹی کی شاندار جیت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ میں وہاں کے عوام اور ہماری پارٹی کے سبھی لیڈروں اور کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں، جنہوں نے اس جیت کیلئے محنت کی ہے ۔
ایسے ہی وزیراعظم نریندر مودی نے کرناٹک انتخابات کے نتائج کے بعد ٹویٹ کرکے کہا کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں جیت کیلئے کانگریس پارٹی کو مبارکباد دیتا ہوں ، لوگوں کی امیدوں کو پورا کرنے کیلئے میری نیک خواہشات۔میں ان سبھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کرناٹک انتخابات میں ہماری حمایت کی ہے، میں بی جے پی کارکنان کی سخت محنت کی سراہنا کرتا ہوں، ہم آنے والے وقت میں اور بھی زیادہ جوش کے ساتھ کرناٹک کی خدمت کریں گے ۔
روایت برقرار: واضح ہو کہ کرناٹک میں گذشتہ 38 سالوں سے یہ روایت چلی آرہی ہے کہ ایک پارٹی دوبارہ برسراقتدار آئی ہو۔ یعنی کہ ووٹروں نے ریاست میں حکومت نہیں دہرائی۔اس بار ووٹروں نے کانگریس کو واضح اکثریت دی ہے۔ کانگریس نے 137 سیٹیں جیتی ہیں۔ اکثریت کی تعداد 113 ہے۔ 65 سیٹیں جیتنے کے بعد بی جے پی نے کرناٹک انتخابات میں شکست تسلیم کر لی ہے۔ جے ڈی ایس کو 19 سیٹیں ملیں۔ دیگر کے کھاتے میں 3 سیٹیں آئی ہیں۔
کرناٹک میں کانگریس کی جیت پر پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’کانگریس پارٹی کو تاریخی جیت دینے کے لیے کرناٹک کی عوام کا تہہ دل سے شکریہ۔ یہ آپ کے ایشوز کی جیت ہے۔ یہ کرناٹک کی ترقی کے نظریات کو ترجیح دینے والی جیت ہے۔ یہ ملک کو جوڑنے والی سیاست کی جیت ہے۔‘‘ اس ٹوئٹ میں وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’کرناٹک کانگریس کے تمام محنتی کارکنان و لیڈران کو میری نیک خواہشات۔ آپ سب کی محنت رنگ لائی۔ کانگریس پارٹی پوری لگن کے ساتھ کرناٹک کی عوام کو دی گئی ضمانتوں کو نافذ کرنے کا کام کرے گی۔