مولانا عمران ندوی ضلع پورنیہ کے سکریٹری اور مولانا محمود حسن صدر منتخب۔ صوبائی جنرل سکریٹری جناب زاہد الرحمن کی توثیق
آج مدرسہ ٹیچرس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن پورنیہ کی جانب سے ایک اہم نشست مدرسہ دارالحدیث پیرگنج، بلاک پورنیہ پرو، ضلع پورنیہ کے احاطے میں منعقد کی گئ۔ میٹنگ کا آغاز مدرسہ دارالحدیث پیرگنج کے ایک طالب علم کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ بعدہ نعت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی گئ۔ مدرسہ ٹیچرس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر جناب مولانا عبد القیوم ندوی نے اپنے تمہیدی کلمات میں میٹنگ کے اغراض و مقاصد کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے جو ذمہ داری ہمیں سپرد کی تھی ہم نے حتی المقدور ادا کرنے کی کوشش کی، لوگوں کو ایک ساتھ لے کر چلنے کا اہتمام کیا۔ مدارس کے اساتذہ کے حقوق کی دستیابی کے لیے کوششیں کیں۔ ضلع سے لے کر اسٹیٹ تک ٹیچرس کی لڑائ لڑی، سرکار سے بہت سے مطالبے منوائے اور بہتوں میں ہمیں کامیابی نہیں ملی۔ ہماری تمنا ہے کہ جو بھی آج کے انتخابی عمل میں منتخب ہوکر آئے، ہمارا بھرپور تعاون ان کے ساتھ رہے گا اور دیگر مطالبات کے حصول کے لیے ہماری مشترکہ کوشش جاری و ساری رہے گی۔
مفتی شفیق الرحمن قاسمی ندوی مدرسہ صدیقیہ ڈگروا پورنیہ نے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے انتخابی عمل میں ہم لوگ ایسے افراد کا انتخاب کریں جو مدارس کے اصول و ضوابط کا پابند ہو۔ ساتھ ہی حقوق اللہ کی ادائے گی میں کوتاہ نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ذمہ داران کا احترام کیجئے اور تنقید میں تنقیص کے پہلوؤں سے ہمیشہ اجتناب کیجئے۔ اس کے بعد مفتی احمد حسین قاسمی نے مفتی شفیق الرحمن قاسمی صاحب کی باتوں کی تائید کرتے ہوئے انتخابی عمل کو آگے بڑھانے کی گذارش کی۔
اس کے بعد جواں سال عالم دین مولانا شاہد عادل قاسمی انجمن اسلامیہ یتیم خانہ ارریہ کو اپنی بات رکھنے کی دعوت دی گئ۔ انہوں نے اتحاد و اتفاق کے ساتھ نظم وضبط کی پابندی کا مشورہ دیا اور کہا کہ سوشل میڈیا میں ہر چیز شیر کرنے کی نہیں ہوتی، اگر کچھ پیش کررہے ہیں تو نظر ثانی کے بعد ہی پبلش کریں۔ اس کے اثرات کیا ہوں گے اس کا بھی جائزہ لیں۔ ساتھ ہی انتخابات میں ان لوگوں کا انتخاب کریں جو بیدار مغز ہوں، سرکاری آفیسران سے رابطہ کرنے کا سلیقہ رکھتے ہوں اور بذات خود وسیع فکر کے حامل ہوں۔
مدرسہ ٹیچرس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ضلع ارریہ کے ذمہ دار جناب مظفر نسیم صاحب کو اپنے تجربات رکھنے کی دعوت دی گئ ۔ انہوں نے اپنے پیش روؤں کی باتوں کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی آج کی مجلس میں کہا گیا ہے ان پر عمل کیا جائے اور نظم و ضبط کی پابندی کریں۔ مدارس و اساتذہ مدارس کی فلاح و بہبود کے لیے ایک دوسرے کیساتھ قدم ملا کر چلیں۔

انتخابی عمل سے قبل صوبائ جنرل سکریٹری جناب زاہد الرحمن صاحب سے گذارش کی گئ کہ آپ چند کلمات کہیں اور انتخابی خدوخال پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم بہت پرانی ہے۔ مولانا جواد الحق رحمۃ اللہ نے مدرسہ ٹیچرس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کو سینچا، مختلف ادوار کو ہم لوگوں نے دیکھا اور جھیلا، بحمد للہ ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کی کوشش کی۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری تنظیم کامیابی و کامرانی کے ساتھ دن بدن ترقی پذیر ہے۔ آج جب کہ انتخابی عمل ہونے جا رہا ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ وقار و سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور اپنے پیش روؤں کو یاد رکھیں۔ اور سابق سکریٹری جناب الحاج عبد الصمد صاحب کی صحت یابی کی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ انہیں شفائے عاجلہ و کاملہ عطا فرمائے۔ آمین

انتخابی عمل کی ابتدا کراتے ہوئے مفتی شفیق الرحمن قاسمی ندوی نے اپنی طرف سے صدارت کے لیے جناب مولانا محمود حسن صاحب ڈگروا اور سکریٹری عہدہ کے لیے جناب مولانا محمد عمران ندوی بلاک امور کا نام پیش کیا۔ اس کے بعد مدرسین و ممبران نے یکے بعد دیگرے تائیدی کلمات پیش کرتے ہوئے مفتی شفیق الرحمن قاسمی کے منتخب کردہ ناموں کو موزوں قرار دیا۔ لہذا بلا اختلاف مولانا محمد عمران ندوی پرنسپل مدرسہ اشاعت العلوم امور سکریٹری بنائے گئے۔ جبکہ صدارت کے لیے ضلعی ممبران نےکئ اور لوگوں کا نام پیش کیا۔ جس کی وجہ سے باہمی اختلافات پیدا ہوگئے۔ تھوڑی بہت نوک جھونک کے بعد اتحاد کی راہیں ہموار ہوئیں۔ مولانا محمود حسن صاحب کو صدر اور نائب صدر کے لیے جناب مولانا جہانگیر قاسمی بلاک قصبہ کو منتخب کیا گیا۔ آفس سکریٹری کے لیے جناب احمد حسین اور میڈیا انچارج عارف حسین ندوی بیسہ بلاک و ماسٹر بلال راشد بائسی کو منتخب کیا گیا۔