اساتذہ کی امید: اب ہمارے دیرینہ مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوگی۔
پورنیہ/سیل رواں
بہار میں ایک بار پھر سیاسی استحکام کی فضا قائم ہوئی ہے، کیونکہ نتیش کمار نے دسویں مرتبہ وزیرِ اعلیٰ کا عہدہ سنبھال لیا۔ اس موقع پر ریاست بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مدرسہ ٹیچرس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن، ضلع پورنیہ کے سکریٹری مولانا محمد عمران ندوی نے نئی سرکار کی تشکیل پر دل کھول کر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی مسلسل قیادت کو ریاست کے لیے ’’باعثِ استحکام‘‘ قرار دیا اور کہا کہ امید ہے کہ یہ مدت بھی عوام دوست اور تعلیمی ترقی کی حامل ہوگی۔
اسی کے ساتھ انہوں نے نئے ایجوکیشن منسٹر سنیل کمار کو بھی مبارکباد دی اور اعتماد ظاہر کیا کہ وہ حسبِ سابق تعلیم کے شعبے میں مثبت اور قابلِ تعریف اقدامات جاری رکھیں گے۔
مولانا عمران ندوی نے خاص طور پر مدارسِ ملحقہ کے مسائل کی طرف ریاستی حکومت کی توجہ مبذول کراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے دورِ حکومت میں کئی اہم اور طویل عرصے سے زیر التواء مطالبات پورے ہوں گے۔
جیسے کہ:
- اساتذہ کے انکریمنٹ کی فراہمی
- ہاؤس رینٹ الاؤنس
- میڈیکل سہولیات
- اور دیگر فلاحی تقاضے
انہوں نے کہا کہ مدرسہ اساتذہ بہتر پالیسیوں اور باعزت سہولیات کی امید کے ساتھ نئی حکومت سے پرامید ہیں۔