جامعہ فیضُ القرآن ملہنہ میں سالانہ اختتامی و انعامی پروگرام عقیدت و وقار کے ساتھ منعقد

ملہنہ/پورنیہ۔ سیل رواں:

ــــــــــــــــــــــــــــ

جامعہ فیضُ القرآن ملہنہ میں سالانہ اختتامی و انعامی پروگرام نہایت خوشگوار، علمی اور دینی ماحول میں منعقد ہوا، جس میں علماء کرام، اساتذہ، طلبہ کے سرپرستوں اور قرب و جوار کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یہ پروگرام جامعہ کے مہتمم مولانا و قاری انظار عالم صاحب مظاہری کی دعوت پر منعقد ہوا، جس میں تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اول، دوم اور سوم پوزیشن پر انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر اس امر کا خصوصی تذکرہ کیا گیا کہ جامعہ کے سات طلبہ نے رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ ضلع پورنیہ کے اجتماعی امتحان میں اول مقام حاصل کرکے ادارے کا نام روشن کیا ہے۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مفتی مطیع الرحمن صاحب قاسمی، صدر مدرس مدرسہ رحمانیہ کھپرہ نے سورۂ علق کی ابتدائی آیات کی روشنی میں علم کی اہمیت، طلبِ علم میں اخلاص اور ربانی نسبت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی پہلی وحی ہی علم سے متعلق ہے، جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ کامیاب زندگی کی بنیاد علم، فہم اور مسلسل سیکھنے کے عمل پر قائم ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ علم کو محض حصولِ درجات تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے اپنے کردار اور عمل کا حصہ بنائیں۔

مولانا عارف حسین صاحب ندوی، صدر مدرس مدرسہ غنچہ اسلام دھرمباڑی نے بحیثیت ممتحن شرکت کرتے ہوئے اختتامی خطاب میں جامعہ کے اساتذہ اور ذمہ داران کی تعلیمی خدمات کو سراہا اور طلبہ کو تاکید کی کہ وہ اپنے اساتذہ کی رہنمائی اور دعاؤں کو اپنی کامیابی کا سرمایہ بنائیں۔

مولانا راسخ الاسلام صاحب قاسمی، ادارہ فیض القرآن ٹھکڑی باڑی، اتردیناجپور، بنگال نے اپنے خطاب میں طلبہ کی محنتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امتیازی پوزیشن حاصل کرنا مسلسل جدوجہد اور نظم و ضبط کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور دیگر طلبہ کو بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔

مفتی معروف راہی صاحب نے اپنے خطاب میں جامعہ کے ناظم، اساتذہ اور طلبہ کی مجموعی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے تعلیمی ادارے معاشرے کی فکری اور اخلاقی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے علم کے ساتھ اخلاق و کردار کی مضبوطی پر زور دیا اور نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے پروگرام کو حسنِ اختتام تک پہنچایا۔

جامعہ کے ناظم مولانا وقاری انظار عالم صاحب مظاہری نے جامعہ کی سالانہ تعلیمی کارکردگی پیش کی اور مہمانانِ گرامی کی شرکت، رہنمائی اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔

اختتامی انعامی پروگرام میں جامعہ کے اساتذہ، طلبہ کے گارجین اور علاقہ کے معزز افراد شریک رہے۔ مجلس کا اختتام مفتی مطیع الرحمن صاحب قاسمی کی رقت آمیز دعا پر ہوا، جس میں طلبہ کی کامیابی، ادارے کی ترقی اور ملت کی فلاح کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔