بین الاقوامی سنتھال کانفرنس کے مقام پر صدر جمہوریہ کی ناراضی، ممتا بنرجی پر بالواسطہ تنقید

صدر جمہوریہ دروپدی مورمو نے مغربی بنگال کے دورے کے دوران ایک پروگرام کے مقام کو لے کر ناراضی ظاہر کی اور ریاستی حکومت پر بالواسطہ تنقید کی۔

سلی گڑی کے نزدیک منعقدہ نویں بین الاقوامی سنتھال کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ تقریب کے لیے منتخب کیا گیا میدان انتہائی چھوٹا تھا، جس کی وجہ سے سنتھال برادری کے بڑی تعداد میں لوگ پروگرام میں شریک نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقام پر پانچ ہزار افراد کے بیٹھنے کی بھی مناسب گنجائش نہیں تھی، جس کے باعث کئی لوگ کانفرنس میں شرکت سے محروم رہ گئے۔

بعد ازاں جب وہ وِدھان نگر کے ایک بڑے میدان میں دوسرے پروگرام میں پہنچیں تو اس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر سنتھال کانفرنس اسی جگہ منعقد کی جاتی تو لاکھوں افراد بآسانی شریک ہو سکتے تھے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں اپنی چھوٹی بہن کی طرح مانتی ہیں، لیکن انہیں سمجھ میں نہیں آ رہا کہ اتنی اہم بین الاقوامی کانفرنس کے لیے اتنی محدود جگہ کیوں منتخب کی گئی۔

صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے یہ سوچا گیا ہو کہ وہ ایک چھوٹے میدان میں پروگرام میں شرکت کریں اور اس کے بعد واپس چلی جائیں۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی سنتھال کانفرنس سنتھال برادری سے متعلق ایک اہم اجتماع ہے جس میں ملک کے مختلف حصوں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک سے بھی نمائندے شریک ہوتے ہیں۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔