نتیش کمار کے بیٹے نشانْت کمار کی سیاست میں انٹری، جے ڈی یو کی رکنیت اختیار

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانْت کمار نے باضابطہ طور پر سیاست میں قدم رکھتے ہوئے جنتا دل (یونائیٹڈ) یعنی کہ جے ڈی یو کی رکنیت اختیار کر لی۔ پٹنہ میں واقع پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے انہیں رکنیت دلائی۔

اس موقع پر نشانْت کمار نے کہا کہ وہ اپنے والد نتیش کمار کے نظریات اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہار کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔

پارٹی کے لیڈروں نے نشانْت کمار کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے جے ڈی یو کے لیے اہم قرار دیا۔ لیڈروں کا کہنا تھا کہ نئی نسل کی شمولیت سے پارٹی کو مزید توانائی ملے گی اور تنظیمی سطح پر بھی اس کا فائدہ ہوگا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق نشانْت کمار کی سیاست میں آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بہار کی سیاست میں کئی طرح کی قیاس آرائیاں جاری ہیں اور راجیہ سبھا سے متعلق بھی مختلف طرح کی چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔ ایسے میں ان کی سیاسی انٹری کو ریاستی سیاست میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ واضح ہوگا کہ نشانْت کمار عملی سیاست میں کس حد تک فعال کردار ادا کرتے ہیں اور پارٹی میں انہیں کیا ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔