نئی دہلی: سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کی سینئر ترین رہنما محترمہ محسنہ قدوائی کا گزشتہ شب نوئیڈا میں انتقال ہو گیا۔ وہ 94 برس کی تھیں اور طویل عرصے سے علیل تھیں۔
محسنہ قدوائی یکم جنوری 1932 کو اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی کے ایک معزز خانوادے میں پیدا ہوئیں۔ ان کی شخصیت میں اودھی تہذیب کی جھلک نمایاں تھی اور وہ اعلیٰ انسانی و اخلاقی اقدار کی حامل تھیں۔
انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے ساتھ کیا اور ان کی کابینہ میں وزیر رہیں۔ بعد ازاں انہیں راجیو گاندھی کی حکومت میں بھی شامل کیا گیا۔
محسنہ قدوائی 1977 سے 1989 تک لوک سبھا کی رکن رہیں، جبکہ 2004 سے 2016 تک راجیہ سبھا میں خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ وہ مرکزی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کے عہدے پر بھی فائز رہیں۔ چند برس قبل ان کی سوانح عمری انگریزی، ہندی اور اردو زبانوں میں شائع ہوئی تھی۔
مرحومہ کی تدفین آج بعد نماز عصر نوئیڈا کے قبرستان میں عمل میں آئے گی۔