مختلف سیاسی نمائندگان، تنظیموں اور اساتذہ کی مسلسل جدوجہد کا نتیجہ قرار؛ مولانا عارف حسین ندوی نے اخترالایمان کی کوششوں کو سراہا
پورنیہ/نمائندہ: مدارسِ ملحقہ کے اساتذہ و ملازمین کی کئی ماہ سے رکی ہوئی تنخواہوں کے سلسلے میں الاٹمنٹ جاری کیے جانے کے اعلان پر مدرسہ ٹیچرس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن، پورنیہ نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت، متعلقہ حکام، سیاسی نمائندگان، ملی و سماجی تنظیموں اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد اور آواز بلند کی۔
ایسوسی ایشن کے سکریٹری مولانا محمد عمران ندوی اور مولانا عارف حسین ندوی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ الاٹمنٹ کا اعلان مہینوں سے تنخواہوں کے انتظار میں مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے مدارس کے اساتذہ و ملازمین کے لیے یقیناً باعثِ اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت کسی ایک فرد، جماعت یا تنظیم کی کوشش کا نتیجہ نہیں، بلکہ مختلف سطحوں سے اٹھنے والی آوازوں، مسلسل جدوجہد اور اجتماعی کوششوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے مختلف علاقوں کے متعدد ایم ایل اے، ایم ایل سی اور سیاسی نمائندگان نے اپنے اپنے طور پر اساتذہ کے مسائل کو حکومت اور متعلقہ فورم تک پہنچایا۔ اساتذہ نے بھی اپنے علاقوں کے عوامی نمائندگان سے رابطہ کرکے اپنی مشکلات سے آگاہ کیا، جس کے بعد متعدد نمائندگان نے اسمبلی اور حکومت کے متعلقہ فورم پر اس مسئلے کو اٹھانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ ایسوسی ایشن نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ان تمام نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مولانا عارف حسین ندوی نے اپنے ودھایک جناب اخترالایمان کی کوششوں کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چند ماہ قبل اساتذہ کے ایک وفد کو ان کے ساتھ ایک اہم اور نسبتاً خاموش نشست کا موقع ملا تھا، جس میں اساتذہ نے اپنی مشکلات، شکوے اور دل کی بہت سی باتیں کھل کر سامنے رکھیں۔ اس دوران بعض تلخ باتیں بھی ہوئیں، جنہیں اخترالایمان نے تحمل کے ساتھ سنا اور برداشت کیا۔ انہوں نے اپنی طرف سے حتی الامکان کوشش کرنے اور مسئلے کو آگے بڑھانے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔
مولانا عارف حسین ندوی نے کہا کہ آج جب الاٹمنٹ کا اعلان ہوا ہے تو اس وقت کی یقین دہانی اور اس کے بعد کی کوششوں کا اعتراف بھی ضروری ہے۔ **بلاشبہ سڑک سے اسمبلی تک مدارس کے اساتذہ کی تنخواہوں کے مسئلے میں جناب اخترالایمان کی آواز اور کردار قابلِ ذکر رہا ہے۔
ایسوسی ایشن نے آر جے ڈی، جے ڈی یو اور دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کے علاوہ مختلف ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران، مدارسِ ملحقہ کی نمائندگی کرنے والی تنظیموں، علماء، ائمہ اور خود مدارس کے اساتذہ و ملازمین کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے مختلف سطحوں پر اس مسئلے کو زندہ رکھا اور اس کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔
مولانا محمد عمران ندوی اور مولانا عارف حسین ندوی نے کہا کہ یہ پیش رفت حوصلہ افزا ضرور ہے، تاہم اصل اطمینان اس وقت ہوگا جب الاٹمنٹ کی رقم عملی طور پر جاری ہوکر مہینوں سے تنخواہوں کے منتظر تمام اساتذہ و ملازمین کو ان کی واجب الادا تنخواہیں بلا تاخیر مل جائیں۔
آخر میں دونوں ذمہ داران نے تمام معاونین، محسنین اور مسئلے کے حل کے لیے آواز اٹھانے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی مخلصانہ کوششوں کو شرفِ قبولیت بخشے اور سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین۔