500 علماء و ائمہ کی شرکت، 157 خواتین اجتماعات اور 480 ’رفیق‘ بنانے کا ہدف؛ ایک سال میں 50 پنچایت اور 40 وارڈ سطحی کمیٹیوں کی تشکیل، مولانا حکیم الدین قاسمی کی خصوصی دعا پر اجلاس کا اختتام
فاربس گنج/ارریہ، 01 ستمبر 2026: جامع مسجد نہر والی، رام پور جنوب، فاربس گنج میں جمعیۃ علماء ضلع ارریہ کے زیرِ اہتمام 50واں تنظیمی و تربیتی اجلاس پرچم کشائی کے ساتھ شاندار اور پروقار ماحول میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت جمعیۃ علماء ضلع ارریہ کے صدر ڈاکٹر محمد عابد حسین نے کی، جبکہ جنرل سکریٹری مفتی محمد اطہر القاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
اجلاس میں جمعیۃ علماء ارریہ کی مختلف اکائیوں کے صدور، نظماء، ناظمینِ تنظیم، تقریباً 500 علماء و ائمہ، فعال کارکنان اور پروفیشنل حضرات نے شرکت کی۔ اجلاس میں جمعیۃ علماء ہند کے ناظمِ عمومی حضرت مولانا محمد حکیم الدین قاسمی اور جمعیۃ علماء بہار کے صدر حضرت مولانا مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
پروگرام کا آغاز قاری مطیع الرحمن قاسمی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ مولانا فیاض احمد راہی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ قاری شعیب احمد سوناپور نے ترانۂ جمعیۃ پیش کیا۔ اس کے بعد مفتی محمد اطہر القاسمی نے تمہیدی گفتگو کے ساتھ سکریٹری رپورٹ پیش کی، جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران تنظیمی سطح پر ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال میں جمعیۃ علماء ارریہ کے تحت 50 نئی پنچایت سطحی کمیٹیوں اور تقریباً 40 وارڈ سطحی جمعیۃ کی اکائیوں کی تشکیل عمل میں آئی، جسے تنظیمی استحکام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
اجلاس میں جمعیۃ علماء ہند کے افکار و نظریات کے موضوع پر جمعیۃ علماء بہار کے صدر مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی نے بصیرت افروز خطاب کیا۔ اجلاس کی ایک نمایاں خصوصیت تعمیری و اصلاحی پروگراموں کا جدید طرز پر تعارف تھا۔ جمعیۃ علماء بہار کے ناظمِ تنظیم مولانا محمد شمس تبریز رحمانی اور ناظمِ شعبہ جات مولانا محمد سلمان قاسمی نے پریزنٹیشن کے ذریعے دینی تعلیمی بورڈ، مثالی مسجد، شعبۂ رفیق اور شعبۂ جیم سمیت مختلف پروگراموں کا جامع تعارف پیش کیا، جس سے شرکاء کو تنظیمی و تربیتی امور کے حوالے سے عملی رہنمائی حاصل ہوئی۔
مختلف شعبہ جات پر مفتی عبدالرشید قاسمی، مولانا محمد فاروق مظہری، مولانا آس محمد مظاہری، مولانا محمد فیروز نعمانی، مولانا جمشید حقی اور مفتی محمد خالد قاسمی نے تفصیلی گفتگو کی۔ اجلاس میں جمعیۃ علماء ضلع ارریہ کے آئندہ کے اہداف بھی پیش کیے گئے، جن کے تحت 225 مثالی مساجد، 243 منظم مکاتب، 215 اصلاحِ معاشرہ پروگرامز، 157 خواتین کے دینی و تربیتی اجتماعات اور 480 ’رفیق‘ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
اس موقع پر مولانا عبدالجبار ندوی نے جمعیۃ علماء فاربس گنج کی کارکردگی رپورٹ پیش کی، جبکہ مولانا غیاث الدین نعمانی نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
اجلاس کے اختتام پر جمعیۃ علماء ضلع ارریہ کے صدر ڈاکٹر عابد حسین نے مہمانانِ خصوصی، عہدیداران اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ 50ویں تاریخی تنظیمی و تربیتی اجلاس کا اختتام جمعیۃ علماء ہند کے ناظمِ عمومی حضرت مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کے فکر انگیز خصوصی تربیتی خطاب اور رقت آمیز دعا کے ساتھ ہوا، جس میں شرکاء نے بھرپور ایمانی جذبے کے ساتھ آمین کہا۔