اجتماعی سالانہ امتحان میں 47 مدارس کے 775 حفاظ طلبہ کی شرکت، نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی
پورنیہ/نمائندہ: رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ ضلع پورنیہ کے زیرِ اہتمام اجتماعی سالانہ امتحان 2026 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامی و تربیتی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ضلع کے مختلف مدارس سے وابستہ علماء، ذمہ داران اور طلبہ نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ امسال رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کے اجتماعی سالانہ امتحان 2026 میں ضلع پورنیہ کے 47 مدارس کے 775 طلبۂ حفظ نے شرکت کی۔ امتحان کے لیے ضلع میں چار امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے، جہاں طلبہ کا سالانہ اجتماعی امتحان لیا گیا۔ امتحان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی علمی و تعلیمی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے مقصد سے یہ انعامی و تربیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس کی سرپرستی مولانا مرغوب الرحمن قاسمی، صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار و معاون مہتمم جامعہ مدنیہ سبل پور، پٹنہ، جبکہ صدارت حضرت مولانا غیاث الدین قاسمی، نائب صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار نے فرمائی۔
اجلاس کے داعیان رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ ضلع پورنیہ کے صدر مفتی محمد ولی اللہ قاسمی اور جنرل سکریٹری مفتی شمس توحید مظاہری تھے۔
تقریب میں بطورِ مہمان و مقرر مفتی محمد توقیر عالم قاسمی، سابق معین المدرسین دارالعلوم دیوبند، مولانا ابوصالح قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء پورنیہ، مولانا امتیاز عالم، صدر جمعیۃ علماء پورنیہ، مولانا محمد عارف انور مظاہری، مفتی محمد قیصر قاسمی، بانی و مہتمم جامعہ ملیہ اسلامیہ سوشن باغ، شیشہ باڑی، مفتی محمد اطہر حبیب القاسمی، ناظم مدرسہ تجوید القرآن دریاپور، ڈگروا، مولانا شمیم ندوی ڈائریکٹر مریم گرلس اسکول، روٹا، پورنیہ، مفتی بلال احمد قاسمی، ایڈیٹر ندائے حسین، کشن گنج، سمیت بڑی تعداد میں علماء و ائمہ کرام موجود تھے۔
اجلاس میں طلبہ کی علمی و تعلیمی محنت کو سراہتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا گیا اور مدارس میں دینی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے، طلبہ کی تربیت اور حفظِ قرآن کے نظام کو مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔