نئی دہلی: ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب فضائی سفر بھی مہنگا ہو گیا ہے۔ ایئر انڈیا نے اپنے ٹکٹوں پر فیول سرچارج بڑھانے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد مسافروں کو زیادہ کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔
ایئر انڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جیٹ ایندھن (ایوی ایشن ٹربائن فیول) کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے سبب کمپنی کو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ اس فیصلے کا اطلاق ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس دونوں کی پروازوں پر ہوگا۔
کمپنی کے مطابق 12 مارچ 2026 سے گھریلو پروازوں اور سارک ممالک کے لیے ٹکٹوں پر 399 روپے کا فیول سرچارج عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مغربی ایشیا جانے والی پروازوں کے لیے تقریباً 10 ڈالر، جنوب مشرقی ایشیا کے لیے تقریباً 20 ڈالر اور افریقہ جانے والی پروازوں کے لیے تقریباً 30 ڈالر تک فیول سرچارج وصول کیا جائے گا۔
ایئر لائن کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور جیٹ فیول مہنگا ہونے کی وجہ سے آپریشنل اخراجات بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث ٹکٹوں پر اضافی چارج لگانا ضروری ہو گیا ہے۔
کمپنی نے اشارہ دیا ہے کہ مستقبل میں حالات کے مطابق دیگر بین الاقوامی روٹس پر بھی فیول سرچارج میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔