پورنیہ، 13 اپریل: الحیاۃ انٹرنیشنل اسکول، مدنی نگر شہریا (پورنیہ) میں پیر کے روز ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں میٹرک امتحان میں فرسٹ ڈویژن سے کامیابی حاصل کرنے والی ہونہار طالبہ شادماں سلطانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انعام و اکرام سے نوازا گیا، جبکہ ان کے والد جناب عبدالقادر بن جمال الدین کی شال پوشی کے ذریعے عزت افزائی کی گئی۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے شادماں سلطانہ کی تعلیمی کارکردگی اور اخلاقی اوصاف کی ستائش کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ادارے کی ایک ممتاز اور باصلاحیت طالبہ رہی ہیں، جنہوں نے چار برس تک مسلسل تعلیم حاصل کی اور اپنی بہترین کارکردگی سے اسکول کا نام روشن کیا۔ انتظامیہ کے مطابق کسی بھی طالب علم کی کامیابی میں والدین کی قربانیاں اور تعاون بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اسی اعتراف میں والد محترم کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
یہ اعزازی تقریب اسکول میں منعقدہ گارجین میٹنگ کے دوران منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں سرپرستوں نے شرکت کی، خصوصاً خواتین کی نمایاں موجودگی رہی۔
تقریب کے دوران دیگر نمایاں طلبہ کو بھی مختلف زمروں میں انعامات سے سرفراز کیا گیا۔ سامیہ مدنی کو سال 2025 کی مثالی ہندی اسپیکر، صوفیہ ناز بنت محمد شفیق عالم کو مثالی انگریزی اسپیکر، آروز فاطمہ بنت محمد ابو نصر کو مثالی ڈے کیئر اسٹوڈنٹ، جبکہ محمد تسکین کو مثالی ہاسٹلر اسٹوڈنٹ کے طور پر منتخب کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ محمد تسکین نے گزشتہ ایک سال میں ایک دن بھی غیر حاضری نہیں کی۔
تقریب کا آغاز حافظہ ٹیچر محترمہ دلنشین دلکش کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض طالبہ سنبل مدنی نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ اس موقع پر حضرت مولانا محمد اسلام الدین قاسمی، حضرت مولانا محمد ذاکر حسین مظاہری، سابق سرپنچ جناب محمد تعلیم، جناب عبدالقادر، جناب مقصود عالم اور جناب ابو نصر سمیت دیگر معززین شریک رہے۔
آخر میں الحیاۃ انٹرنیشنل اسکول کی جانب سے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔