امت شاہ کا تین روزہ دورۂ بہار: کشن گنج میں اعلیٰ سطحی اجلاس، بھارت-نیپال سرحدی سلامتی اور انفراسٹرکچر مضبوط بنانے پر زور
کشن گنج/بہار: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے تین روزہ دورۂ بہار کا آغاز ضلع کشن گنج سے کیا، جہاں انہوں نے سرحدی امور سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔
ذرائع کے مطابق یہ میٹنگ Land Ports Authority of India سے متعلق تھی، جس میں بھارت-نیپال سرحد پر سیکیورٹی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں اعلیٰ سکیورٹی اور انتظامی حکام کے افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران سرحدی علاقوں میں منشیات کی اسمگلنگ، جعلی کرنسی کی نقل و حمل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ سرحدی انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط اور جدید بنانے کے منصوبوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں ضلع ارریہ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سرحدی علاقوں کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ Sashastra Seema Bal (ایس ایس بی) کے ایک نئے دفتر کا افتتاح بھی کریں گے۔ دورے کے آخری مرحلے میں ان کی پورنیہ آمد متوقع ہے۔
سرکاری حلقوں کے مطابق اس دورے کا مقصد سرحدی اضلاع میں قومی سلامتی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔