بھارتی الیکشن کمیشن نے اتوار کو سال 2026 کے اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ انتخابات پانچ ریاستوں — آسام، کیرالا، تمل ناڈو، مغربی بنگال — اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے پڈوچیری میں منعقد ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مختلف ریاستوں میں ووٹنگ اپریل کے مہینے میں مختلف تاریخوں پر ہوگی جبکہ تمام ریاستوں کے نتائج 4 مئی 2026 کو ایک ساتھ جاری کیے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق آسام، کیرالا اور پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات ایک ہی مرحلے میں 9 اپریل کو ہوں گے۔ تمل ناڈو میں ووٹنگ 23 اپریل کو ہوگی جبکہ مغربی بنگال میں انتخابات دو مرحلوں میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو کرائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس انتخابی عمل میں تقریباً 17.4 کروڑ ووٹر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی متعلقہ ریاستوں میں ضابطۂ اخلاق (ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ) نافذ ہو گیا ہے اور سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے نوجوان ووٹروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ووٹنگ کے ذریعے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔