ایڈیٹر کے قلم سے:
عیدالاضحیٰ صرف ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی، اطاعت اور تسلیم و رضا کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے۔ یہ عید ہمیں سکھاتی ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے اپنی خواہشات، مفادات اور انا کو قربان کرنا ہی حقیقی بندگی ہے۔
اس مبارک موقع پر ’’سیل رواں‘‘ اپنے تمام معزز قارئین، قلم کاروں، معاونین اور اہلِ وطن کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی پُرخلوص مبارک باد پیش کرتا ہے۔ دعا ہے کہ یہ مبارک دن ہمارے معاشرے میں محبت، بھائی چارہ، امن، رواداری اور باہمی احترام کے جذبات کو مزید فروغ دے۔
آج جب دنیا نفرت، تعصب اور خود غرضی کے مختلف چیلنجز سے دوچار ہے، عیدالاضحیٰ کا پیغام ہمیں ایثار، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قربانی کی روح کو محض رسم تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
’’سیل رواں‘‘ ہمیشہ کی طرح حق، صداقت اور عوامی مسائل کی ترجمانی کے عزم کے ساتھ اپنے قارئین کے اعتماد کو اپنی سب سے بڑی طاقت سمجھتا ہے۔ آپ کی محبت، رہنمائی اور تعاون ہمارے لیے سرمایۂ افتخار ہے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کی عبادات، قربانیوں اور دعاؤں کو قبول فرمائے اور ہمارے وطن کو امن، خوش حالی اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے۔
عید مبارک!
— ادارہ، سیل رواں