قرآن مجید، ہم اور چند سوالات
از:- محمد فرید حبیب ندوی
آئیے! آج قرآن کریم کے ساتھ ہمارا جو رویہ ہے،اس کے سلسلے میں کچھ تلخ،مگر سچی باتیں کرتے ہیں!
سچی بات یہ ہے کہ اِس وقت قرآن کریم کے ساتھ سب سے زیادہ ظلم اورناانصافی ہم مسلمان کررہے ہیں۔ظلم کہتے ہیں کسی کواس کاصحیح حق اور مناسب مقام نہ دینا۔اس اعتبارسے دیکھاجائے تو بتائیے :کیا آج مسلمان قرآن کواس کا صحیح مقام اور حق دے رہے ہیں؟
سب کو چھوڑیے! آج صرف آپ خودسے بات کیجیے اور اپنے آپ سےسوال پوچھیے!
- ۱۔ میری کتنی عمر ہوگئی؟ کیامیں نے قرآن مجید کو دیکھ کر پڑھنا سیکھا؟میں ناظرہ قرآن پڑھ لیتا ہوں؟اگر نہیں سیکھاہے تو کیا مجھے اس کی فکر ہے؟
- ۲۔ اگر میں ناظرہ پڑھ لیتاہوں تو کیا ٹھیک ٹھاک پڑھ پاتاہوں؟ ضروری قواعد اور مخارج سے واقفیت ہے؟بچپن سے لے کر اب تک کتنے سال گزرگئے۔ کیا کبھی میں نے اپناقرآن ٹھیک کرنے پر دھیان دیا؟کیا کبھی کسی مولانا یا قاری صاحب کو سناکر ان سے پوچھاکہ میرا قرآن کیساہے؟ اگر ہاں تو ٹھیک۔اور اگر نہیں تو کیا میں پوری زندگی قرآن کے ساتھ ناانصافی نہیں کرتارہاہوں؟
- ۳۔ قرآن کی تلاوت کامیرا کیا معمول ہے؟ کیا میرے دن کی شروعات تلاوت سے ہوتی ہے یا نہیں؟ میں نے تلاوت کا کوئی خاص معمول بنایا ہوا ہے ؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ مہینے گزرجاتے ہیں اور میں قرآن کو ہاتھ بھی نہیں لگاتا؟ آخری مرتبہ میں نے تلاوت کب کی تھی؟ کیا میرے پاس تلاوت کابھی وقت نہیں ہے؟ کہیں ایساتونہیں کہ میں سب سے بد نصیب انسان ہوں؟
- ۴۔ میرے اس وقت کتنی سورتیں بغیر دیکھے یاد ہیں؟ کیا بچپن میں جو دس سورتیں مکتب کے استاد نے حفظ کروادی تھیں،ان میں کوئی اضافہ کیا؟ کیا میں ہر سال دوچار نئی سورتیں حفظ نہیں کرسکتا؟ کم ازکم ہررمضان کے مہینے میں ہی اگر دوچار سورتیں حفظ کی ہوتیں تو آج کتنی سورتیں یاد ہوگئی ہوتیں؟ میں کتنا بد نصیب ہوں کہ دس سال کی عمر میں بھی دس ہی سورتیں یاد تھیں اور آج چالیس سال کی عمر میں بھی وہی دس سورتیں یاد ہیں؟ ان تیس سالوں میں میں نے ایک بھی نئی سورت یاد نہیں کی؟
- ۵۔ کیا کبھی میں نے قرآن کو سمجھنے کی کوشش کی؟ اس کاترجمہ اور تفسیر پڑھی؟ کیا مجھے یہ خیال آیا کہ یہ میرے اللہ کی کتاب ہے۔یہ میرے نام میرے مالک کاپیغام ہے۔چلو اسے سمجھنے کی کوشش کرتاہوں؟ کہیں میں ان لوگوں میں توشامل نہیں رہاجو یہ سمجھتے رہے کہ قرآن تو بس مولوی حضرات اور مدرسہ والوں کے سمجھنے کے لیے ہے؟جب اللہ سب کاہے تو اس کا پیغام سب کے لیے نہیں ہوگا؟
- ۶۔ میں قرآن کے بارے میں کتنا جانتاہوں؟ کیا قرآن کے تعارف سے متعلق میں نے کوئی کتاب پڑھی؟ کیا مجھے معلوم ہے کہ حروف مقطعات کیاہوتے ہیں؟ سورتوں کے مکی اور مدنی ہونے کا کیا مطلب ہے؟ قرآن کس طرح نازل ہوا اور کتنے سالوں میں نازل ہوا؟ حضورﷺنے اس کی حفاظت کے لیے کیا طریقے اختیار کیے؟
- ۷۔ قرآن پر میرا عمل کتنا ہے؟ میں اپنی من مانی زندگی گزارتا ہوں یا قرآن کی بتائی ہوئی؟ میں اپنی خواہشات پر چلتاہوں یا قرآن کے راستے پر؟
- ۸۔ میں نے قرآن کی نشرواشاعت اور اس کے پیغام کو عام کرنے کے لیے کوئی کوشش کی؟میں نے اپنی صلاحیت،اپنے وقت اور اپنے مال میں سے کوئی حصہ قرآن کی خدمت کے لیے خرچ کیا؟
یہ چند سوال اپنے آپ سے کیجیے اور دیکھیے کہ قرآن کے ساتھ آپ کارویہ کیساہے؟ اگر ان سب کاجواب تسلی بخش نہیں ہے تو مان لیجیے کہ آپ دنیاکے سب سے محروم، بدنصیب اور بدقسمت انسان ہیں!
یہ سوال میں صرف آپ سے نہیں کروا رہا۔یہ سارے سوالات میں نے بھی اپنے آپ سے کیے ہیں۔کاش سب کاجواب اطمینان بخش ہوتا!
اگر پچھتاوا ہو رہا ہے تو اس بار پھر رمضان سروں پر ہے۔پوری زندگی کی کوتاہیوں کی بھرپائی کی نیت کیجیے اور آغاز کردیجیے! اللہ تعالی ہم سب کوعمل کی توفیق عطافرمائے۔آمین۔