ميوچل فنڈ کی تعریف
تعریف: میوچل فنڈ کو بلظ دیگر باہمی سرمایہ کاری یااجتماعی سرمایہ کاری کہہ سکتے ہیں۔ یہ سرمایہ کاری کی ایسی قسم ہے جو متعدد سرمایہ کاروں سے رقم جمع کرتی ہے تاکہ سیکیوریٹیز کے متنوع پورٹ فولیو میں سرمایہ کاری کی جاسکے، جیسے اسٹاک، بانڈز، یا دیگر اثاثے۔ اس کی دیکھ ریکھ پیشہ ورانہ فنڈ مینیجرز کرتے ہیں جو سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری کے فیصلے کرتے ہیں۔ اس کو درج ذیل نقشہ میں دیکھ کر سمجھا جاسکتا ہے۔
Net asset value: جب آپ میوچل فنڈ میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، تو آپ فنڈ کے حصص یا یونٹ خرید رہے ہوتے ہیں۔ ہر حصہ مجموعی پورٹ فولیو میں متناسب ملکیت کی نمائندگی کرتا ہے۔ حصص کی تقسیم این اے وی(NAV) کے لحاظ سے ہوتی ہے۔ میچول فنڈ میں سرمایہ کاری کا ایک بڑا فاید ہ یہ ہوتا ہے اس میں خطرہ کم سے کم ہوتا ہے اورہونے والا خطرہ اجتماعی ہوتا ہے۔ یہی تنوع مجموعی سرمایہ کاری پر کسی ایک سیکورٹی کی کارکردگی کے اثرات کو کم کرتا ہے۔
میوچل فنڈ کے اقسام: میوچل فنڈز مختلف قسم کے ہوتے ہیں، ہر ایک کا اپنا سرمایہ کاری کا مقصد اور حکمت عملی ہوتی ہے۔ جیسے
- ایکویٹی فنڈز: equity funds و بنیادی طور پر اسٹاک میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔
- بانڈ فنڈز : bond funds فکسڈ انکم سیکیورٹیز پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔
- متوازن فنڈز: balanced funds جو اسٹاک اور بانڈز کو یکجا کرتے ہیں
- سیکٹر کے مخصوص فنڈز جو مخصوص صنعتوں یا شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔
میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری کے فائدے:
- میوچل فنڈ تجربہ کار فنڈ مینیجرز کے ذریعے پیشہ ورانہ منی مینجمنٹ تک رسائی فراہم کرتا ہے جو مارکیٹ کا تجزیہ کرتے ہیں اور آپ کی جانب سے سرمایہ کاری کے فیصلے کرتے ہیں۔ یہ ان افراد کو بہتر مواقع فراہم کرتا ہے جن کے پاس اس شعبے کی نہ تو مہارت ہے اور نہ ہی وقت کہ اس پر اپنا دماغ کھپائیں۔
- میوچل فنڈز لیکویڈیٹی پیش کرتے ہیں، یعنی آپ عام طور پر کسی بھی کاروباری دن NAV قیمت پر اپنے حصص خرید یا فروخت کر سکتے ہیں۔ اس سے آپ کی سرمایہ کاری میں داخل ہونا یا باہر نکلنا کچھ دوسرے سرمایہ کاری کے اختیارات کے مقابلے میں آسان ہو جاتا ہے۔
میوچل فنڈز ان سرمایہ کاروں کے لیےبھی موزوں ہے جو مختلف طرح کے مالی خطرات مول لینے کی سکت رکھتے ہیں۔ کچھ فنڈز طویل المیعاد ہوتے ہیں اور ان کا مرکز توجہ سرمایہ کا تحفظ ہوتا ہے، جبکہ دیگر میں زیادہ خطرے کے ساتھ زیادہ منافع کمانا بھی ہوتا ہے۔ آپ کو ایسے فنڈ کا انتخاب کرنا ضروری ہے جو آپ کے سرمایہ کاری کے اہداف کو پورا کرتا ہو اور’’ آپ کس قدر خطرہ مول لے سکتے ہیں؟‘‘کا علم ہو۔
میوچل فنڈ کیسے کام کرتا ہے۔ درج ذیل نقشہ کو دیکھ کر سمجھیں
میوچل فنڈز کے خریدنے پر اخراجات:
یاد رہے کہ میوچل فنڈز فنڈ کی دیکھ ریکھ کے لیے فیس اور اخراجات وصول کرتے ہیں۔ ان اخراجات میں انتظامی فیس، انتظامی اخراجات اور دیگر چارجز شامل ہو سکتے ہیں۔ سرمایہ کاری سے پہلے میوچل فنڈ سے وابستہ فیسوں کا جائزہ لینا اور اپنے منافع پر ان کے ممکنہ اثرات پر غور کرنا بہت ضروری ہے۔
حاصل کلام یہ ہے کہ میوچل فنڈز ان افراد کے لیے سرمایہ کاری کا ایک مقبول اور بہترین انتخاب ہیں جو مالیاتی اداروں میں پیشہ ور ماہرین کی ماتحتی میں اپنا پورٹ فولیو بنانا چاہتے ہیں ۔وہ متعدد سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کرنے، خطرے کو پھیلانے اور ممکنہ طور پر طویل مدتی مالی اہداف حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ یعنی کہ آپ اپنی رقم میوچل فنڈ کمپنیوں کے حوالے کرتے ہیں۔ کمپنی کے ماہرین جسے اس مارکیٹ میں فنڈزمینیجر کہاجاتا ہے ، حاصل کردہ رقم کو سیکیورٹیز میں لگاتے ہیں۔ جس کے لیے تھوڑی سی رقم وہ چارج کرتے ہیں اور پھرمنافع کو سرمایہ کاروں کے درمیان NAV کے مطابق تقسیم کرتے ہیں۔واضح رہے کہ کسی بھی طرح کی سرمایہ کاری سے قبل مکمل تحقیق کرنا، اپنے سرمایہ کاری کے مقاصد کا جائزہ لینا، اور سرمایہ کاری کا فیصلہ لینے سے قبل مالیاتی اداروں کے ماہرین سے مشورہ کرلینا بہتر ہوتا ہے۔