رپورٹ/سیل رواں:
’’ تعلیم نوبالغاں پروگرام‘‘ کا سہ روزہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر، مدارس ملحقہ کے ۴۲صدور مدرسین کی شرکت، اختتامی اجلاس میں مانو دربھنگہ کیمپس کے پروفیسرجناب افروز عالم کا خطاب اور اسناد کی تقسیم
جامعہ ، مانو اور یونیسیف کے تعاون سے بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کی جانب سے مدارس ملحقہ میں تعلیم کی بہتری کے لیے مختلف طرح کی کوششیں کی جاری ہیں۔بورڈ کا معروف و مشہور پروگرام ’’ تعلیم نو بالغاں ‘‘ ان ہی کوششوں کا ایک حصہ ہے جو گذشتہ کئی سالوں سے چلایا جارہا ہے۔ جس کے مثبت اثرات زمینی سطح پر دیکھے جارہے ہیں۔ اس سے قبل مدارس ملحقہ کے نوڈل اساتذہ کی ٹریننگ ہوئی تھی۔جس میں دو اساتذہ کرام ہر مدرسہ سے منتخب کیے گئے تھے۔اس بار ٹریننگ کے لیے مدارس ملحقہ کے صدور مدرسین بلائے گئے تھے۔
’’ تعلیم نوبالغاں‘‘ کا یہ پروگرام مدرسہ اشاعت العلوم امور ، ضلع پورنیہ، بہار میں مورخہ ۱۸؍ستمبر ۲۰۲۳/بروز سوموار نو بجے دن سے شروع ہوا۔ اجس میں مدارس ملحقہ کے ۴۲ صدور مدرسین نے شرکت کی۔ ابتدائی پروگرام تعارف کے لیے رکھا گیا تھا۔ جس میں مانو دربھنگہ کیمپس کے پروفیسر جناب افروز عالم صاحب کی شرکت ہوئی اور انہوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں پروگرام کے خدوخال، مدارس ملحقہ کے مسائل اور ترقی وسائل اور امکانات پر گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے پرنسپل حضرات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام کا مقصد ملحقہ مدارس کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانا، درپیش مسائل کو حل کرنا اور مدارس ملحقہ مثالی مدارس کیسے بنیں پر غور وخوض کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ادارے کو چلانے کیلئے صدر مدرس کو مختلف مسائل اور چنوتیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان مسائل کے حل کی کیا کیا شکلیں ہوسکتی ہیں اور ایک صدر مدرس کے کیا کیا اختیارات ہوتے ہیں اس بارے میں آپ کی رہنمائی کرنا بھی ہمارے اس تربیتی پروگرام کا حصہ ہے۔
چنانچہ سہ روزہ تربیتی پروگرام میں ادارے کے نظم و ضبط ، معیار تعلیم کی بہتری، گائڈ لائن کے مطابق امور کی انجام دہی پر اظہار خیال کے علاوہ گارجین سے برتاؤ، بچوں کے نفسیات کو سمجھنے کا طریقہ ، داخلہ جاتی کاروائی میں تعاون کے طریقہ کار اور آفشیل لوگوں سے کیسے رابطہ کرنا اور وسائل کی فراہمی کے لیے کن طریقوں کو اپنایا جاسکتا ہے ۔ جیسے امور کو عملی طور پر کرکے دکھایا گیا ۔
اختتامی پروگرام کا آغاز ۲۰؍ستمبر ۲۰۲۳ بروز بدھ کو صبح نو بجے ہوا۔ صدور مدرسین مدارس ملحقہ سے درخواست کی گئی کہ اب تک انجام دئے گئے اکٹی وٹیز پر اظہار خیال کریں۔ یکے بعد دیگرے کئی صدور مدرسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ بہت خوبصورت ترتیب ہے ، اس سے بلاشبہ فائدہ ہوگا اور منتظمہ سے درخواست کہ کی اس طرح کے تربیتی پروگرام وقفہ وقفہ سے منعقد ہوتے رہا کریں ،ساتھ ہی پرنسپل حضرات نے ’’ تعلیم نوبالغان پروگرام‘‘ کے منتظمین کو یقین دلایا کہ انشائ اللہ اپنے اپنے مدرسوں میں یہاں سے سیکھی گئی چیزوں کو نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔ پروگرام میں مفتی عبدالغنی قاسمی مدرسہ صفات العلوم اورا، مولانا عاقل اختر ندوی مدرسہ محصیل، مولانا عارف حسین ندوی مدرسہ غنچہ اسلام دھرمباڑی، مولانا شاہ عالم مدرسہ کانی مالدھی،مفتی مطیع الرَّحمان مدرسہ رحمانیہ کھپرہ، مولانا محمد عمران ندوی اشاعت العلوم امور،حافظ محمد مظہر مدرسہ دلمال پور،حافظ محمد سالم مدرسہ شہریا، مولانا نافع اختر مدرسہ نندنیاں،مولانا محمد ثاقب قاسمی مدرسہ کھتا ٹولی، مولانا اکمل یزدانی مدرسہ پلنکاف، مولانا محمد اکمل مدرسہ چندیل، محمد ابصار مدرسہ تتلیا، مولانا محمد غلام جیلانی مدرسہ پانکی، مولانا قیصر الزماں مدرسہ چنی ڈوریا، حافظ محمد رضوان مدرسہ سرجاپوروغیرہ نے شرکت کی۔
اخیر میں ڈائریکٹر ’’تعلیم نوبالغان پروگرام’’ جناب افروز عالم صاحب پروفیسر مانو کے ہاتھوں اسناد کی تقسیم ہوئی۔ ٹرینرمحمد گل ریز، حافظ محمد منظور، فسلیٹر محمد جاں نثار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مجلس کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔