Slide
Slide
Slide

شیخ طریقت حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی کادارالعلوم امور کی جامع مسجد میں اصلاحی خطاب

مولانا خلیل الرَّحمن سجاد نعمانی کی دارالعلوم امور آمد، قرب و جوار کےعلما،حفاظ اور دانشوروں سے خطاب کریں گے۔ادارے کے ناظم مفتی شمس توحید مظاہری نے کہا کہ تیاریاں مکمل ہیں۔

پورنیہ / رپورٹ سیل رواں:          ملک کی مشہور ومایہ ناز شخصیت حضرت مولانا خلیل الرَّحمن سجاد نعمانی دامت برکاتہم ایک ہفتے کے لیے سیمانچل کے دورے پر ہیں۔ جگہ جگہ ان کا اصلاحی بیان ہورہا ہے۔اسی تعلق سے مولانا نعمانی مورخہ ۴؍نومبر ۲۰۲۳/بروز سنیچر ۱۰؍بجے دن دارالعلوم امور، متصل ہلال پور چوک، ضلع پورنیہ بہار تشریف لارہے ہیں۔  ادارے کے ناظم جناب مولانا و مفتی شمس توحید مظاہری نے اپنے اخباری بیان میں کہا کہ حضرت مولانا خلیل الرَّحمن سجاد نعمانی ولی صفت انسان ہیں، آپ کی آمد ہمارے دیار میں پہلی مرتبہ ہورہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایسی بزرگ اور نمائندہ شخصیت کے خطاب سے ہمارا علاقہ بھی مستفید ہو۔ اسی بنا پر  حضرت کا پروگرام طے کیا گیا ہے۔ عوام سے ہماری درخواست ہے کہ کل ۱۰؍بجے  سے قبل ہی دارالعلوم امور ، متصل ہلال پور چوک ، تشریف لائیں اور حضرت کے مواعظہ حسنہ سے مستفید ہوں۔ 

مولانا ابوصالح صاحب قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃٖ علما ضلع پورنیہ اور استاذ دارالعلوم امور نے کہا کہ شیخ طریقت حضرت الحاج مولانا خلیل الرَّحمن سجاد نعمانی دامت برکاتہم العالیہ کی شخصیت محتاج تعارف نہیں ہے۔ آپ مشہور عالم دین، محدث و مفسر اور مناظر اسلام حضرت مولانا محمد منظور نعمانی علیہ الرحمہ کے پسرعزیز ہیں۔ آپ کی پیدائش خانوادہ نعمانی میں ۱۹۵۵ میں ہوئی۔ابتدائی تعلیم والد محترم کی سایہ عاطفت میں حاصل کی،بعدہ ملک کی مشہور دینی دانشگاہ دارالعلوم ندوۃ العلما لکھنو سے تعلیم کی تکمیل کی، مزید اعلیٰ تعلیم کے لیےمدینہ منورہ کا رخ کیا اور ’’ مدینہ یونیورسٹی سے قرآنی علوم پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے سرفراز ہوئے۔ آپ آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے ترجمان رہ چکے ہیں، کئی کتابوں کے مصنف ہیں، ماہنامہ ’’ الفرقان‘‘ آپ ہی کی ادارت میں شائع ہوتا ہے۔ سلسلہ نقشبندیہ کے شیخ الشیوخ حضرت مولانا پیرذوالفقار احمد نقشبندی پاکستان سے بیعت وارادت کا تعلق رکھتے ہیں۔ بھارت میں رشد وہدایت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے آپ نے مہاراشٹر کی ریاست ضلع رائے گڑھ کے نیرل میں اپنی خانقاہ قائم کی، جہاں سے دعوت و تبلیغ اور رشد وہدایت کے فرائض انجام دیے جاتے ہیں۔ آپ نے طالبانِ علوم نبوت کے لیے ایک تعلیمی ادارہ دارالعلوم امام ربانی کے نام سے قائم کیا ہے جو اپنی دینی خدمات کی بنا پر معروف ہے۔

مولانا ابوصالح صاحب قاسمی نے مزید کہا کہ حضرت کی آمد ہمارے لیے باعث صد افتخار ہے۔ ان کا خطاب از دل خیزد بر دل ریزد کا مصداق ہوتا ہے۔ ہم علاقے کے لوگوں سے گذارش کریں گے کہ ۴؍نومبر ۲۰۲۳/بروز سنیچر، ۱۰ بجے دن  اپنے دوست واحباب کے ساتھ دارالعلوم امور تشریف لائیں اور حضرت کے کلام مفیدہ سے مستفید ہوں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top
%d bloggers like this: