جموں: جموں و کشمیر کے شہر جموں میں ایک شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ اس تقریب میں نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ اور جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری بھی موجود تھے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جموں کے گریٹر کیلاش علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں منعقدہ شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا۔ اچانک ایک شخص نے پستول نکال کر فائرنگ کر دی، جس کے باعث تقریب میں موجود لوگوں میں افرا تفری مچ گئی۔
موقع پر موجود سیکورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو قابو میں کر لیا۔ فائرنگ کے واقعے میں فاروق عبداللہ محفوظ رہے، جبکہ نائب وزیر اعلیٰ سرینڈر کمار چودھری کو گولی کے چھروں سے معمولی چوٹ آئی۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے قبضے سے پستول بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور فائرنگ کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔