امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈکی ترقی واستحکام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں :مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی

رمضان المبارک کے موقع پر ناظم امارت شرعیہ کی خصوصی اپیل

پھلواری شریف، پٹنہ: امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ ،جھارکھنڈومغربی بنگا ل ملک کی ایک مشہور ومعتبر عظیم دینی ، شرعی وفکری تنظیم اور مرکزی ،ملی و فلاحی ادارہ ہے ۔ یہ مسلمانوں کی ملی زندگی کی روشن علامت اور اجتماعی نظام زندگی کا عملی نمونہ ہے ۔ اس ادارہ کے قیام کا مقصد مسلمانوں کو شرعی تنظیم کے اصول پر ایک امیر شریعت کے تحت متحد و منظم رکھنا ، احکام شرعیہ کے اجراء و نفاذ کی سعی ، مسلم معاشرہ کی اصلاح ، مسلمانوں میں دینی حمیت و استقامت علی الحق کے جذبہ کو فروغ دینا،تعلیم کو عام کرنا ، اسلامی تشخصات اور مسلمانوں کے آئینی حقوق کی حفاظت کرنا ہے ، ان مقاصد کے حصول کے لیے امارت شرعیہ میں کئی اہم شعبے سر گرم عمل ہیں ؛ جیسے بیت المال ، دار الافتاء، دار القضاء ، شعبۂ تبلیغ و تنظیم ،شعبۂ تعلیم، شعبۂ نشر و اشاعت اور شعبۂ تحفظ مسلمین، شعبہ امور مساجد،شعبہ تحفظ اوقاف ، شعبہ پروجیکٹ مینیجمینٹ اور شعبۂ اصلاحات اراضی وغیرہ۔ بیت المال امارت شرعیہ کا اہم ترین شعبہ ہے ؛ بلکہ ادارہ کے لیے اس کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی ہے ۔ اسی سے تما م شعبوں کا خرچ پورا ہو تا ہے ، بیواؤں ، یتیموں ، طلبہ و معلمین اور دوسرے اہل حاجت مسلمانوں کی امداد ہو تی ہے ۔سیلاب، زلزلہ ، آتشزدگی جیسے قدرتی آفات اور فرقہ وارانہ فسادات سے تباہ حال لوگوں کی اعانت بھی بیت المال سے ہی کی جاتی ہے ،امسال سیلاب اور آتشزدگان کے علاوہ پنجاب وجموں کے مصیبت زدگان کی خصوصی اعانت کی گئی اور اجڑے ہوئے افراد کو بازآباد کاری وراحت رسانی میں مضبوط تعاون دیاگیا۔ سال رواں میں تعمیرات، اسپتال، ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ اور ریلیف کے اخراجات کے علاوہ بیت المال امارت شرعیہ کا سالانہ بجٹ تیرہ کروڑ پنچانوے لاکھ چھیاسٹھ ہزار روپے(13,95,66000) ہے ، روز افزوں گرانی اور دائرہ کار میں ہو رہی وسعت و ترقی کی وجہ سے اخراجات میں ہرآئے دن اضافہ ہو رہا ہے۔

امارت شرعیہ کی خدمات ہمہ جہت ہیں سی اے اے، این پی آر اور این آر سی ، یوسی سی، وقف ترمیمی ایکٹ۲۰۲۵ء،ایس آئی آر جیسے خطرناک قوانین سے نمٹنے اور اسے واپس لینے اوراس سلسلہ میں عام لوگوں کے اندر بیداری پیدا کرنے، نیز تحفظ مسلمین ، ترغیب تعلیم اور ماب لنچنگ کے سد باب کے لیے گراں قدر خدمات کا سلسلہ جاری ہے ۔ بڑی تعداد میں مبلغین اور ملازمین کی بحالی ہوئی ہے ، نئے دار القضاء کا قیام عمل میں آیا ہے،کئی اہم نئے شعبے قائم ہوئے ہیں، معیاری عصری تعلیم کے لیے سی بی ایس ای کے طرز پر امارت پبلک اسکول پہلے بھی کئی مقامات پر چل رہے ہیں، امیر شریعت مفکر ملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم کے حکم وہدایت پر اس سال بھی اسکول اور تعلیمی ادارے قائم ہوئے، ان کے علاوہ امارت انٹرنیشنل اسکول کے نام سے ایک پلس ٹو رہائشی اسکول کا سنگ بنیاد حضرت امیر شریعت سابع مولانا سید محمد ولی رحمانی نور اللہ مرقدہ نے ۱۵؍ مارچ کو اِربا ضلع رانچی میں رکھا تھا، اس میں تعلیمی اور تعمیری کام جاری ہے،ان سب کاموں کی انجام دہی اہل خیر مخلصین و محبین امارت شرعیہ کے تعاون سے ہی ممکن ہو سکا ہے، بسفی مدھوبنی میں ہاسپیٹل کی تعمیر جاری ہے ،اور مزید کئی جگہوں پر تعمیر کام ہوئے ہیں،ناظم امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ و جھارکھنڈ مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے رمضان المبارک کے موقع پر نقباء، نائبین نقباء، بلاک اور ضلع کے صدور و سکریٹریز، ارکان شوریٰ و عاملہ، ارباب حل و عقد ، تنظیم امارت شرعیہ کے ذمہ داران و ارکان ، مختلف تعلیمی کمیٹیوں کے ذمہ داران و ارکان و دیگر مخلصین و ہمدردان امارت شرعیہ سے بھر پور توجہ دینے اور راپنی خصوصی عطیات ، زکوٰۃ و صدقۂ فطر کی رقوم سے بیت المال امارت شرعیہ کی ترقی واستحکام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی درخواست کی ہے،خود بھی تعاون کریں اور دیگر اہل خیر کو بھی متوجہ کریں۔ اگر امارت شرعیہ کا کوئی نمائندہ آپ تک نہ پہونچ سکے تو اپنی رقم مندرجہ ذیل پتہ پر بھیجیں ۔یا براہ راست امارت شرعیہ کے درج ذیل اکاؤنٹ یا اسکینر کے ذریعہ جمع کریں اللہ تعالیٰ تمام معاونین و مخلصین کو جزاء خیر عطاء فرمائے، رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مالا مال فرمائے ،اور روزہ ،نماز، قرآن کریم کی و دیگر اعمال صالحہ کی توفیق بخشے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔