جمعیۃ علماء بہار کے مختلف اضلاع کے صدور ونظماء واراکین کا مرحلہ وار تین روزہ مشاورتی اجلاس اختتام پذیر

ملت اسلامیہ کو درپیش چیلنجز کے مقابل تنظیمی ہم آہنگی،ملی بیداری، تعلیمی اور سماجی کام برقرار رکھیں: مولانا حکیم الدین قاسمی

وارڈ، پنچایت، گاؤں اور بلاک سطح پر جمعیۃ کو مضبوط،متحرک اور فعال بنائیں: مفتی جاوید اقبال قاسمی

پٹنہ 9.اگست پریس ریلیز

جمعیۃ علماء ہند کی ہدایت اور جمعیۃعلماء بہار کے زیر نگرانی صوبہ بہار کے مختلف اضلاع بھاگلپور، بانکا، مونگیر، بیگوسرائے، کھگڑیا، پورنیہ،کشن گنج، ارریہ، کٹیہار اور سپول کا سلسلہ وار تین روزہ مشاورتی اجلاس برائے تنظیمی و تعمیری استحکام اختتام پذیر ہوا_

اجلاس میں بطور مہمان خصوصی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا حکیم الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم شریک ہوئے،اور تعمیری و تنظیمی استحکام،ضلعی و مقامی یونٹوں کی مضبوطی وترقی جیسے اہم عنوان پرمغز اور قیمتی خطاب فرمایا،اجلاس کی سرپرستی و نگرانی صوفی باصفا صدرجمعیۃعلماءبہار حضرت مولانا مفتی جاوید اقبال صاحب قاسمی دامت برکاتہم نےفرمائی، سینکڑوں کی تعداد میں اضلاع کے صدور و نظماء اور اراکین نے شرکت فرماکراجلاس کو کامیابی سے ہمکنار کیا_
پہلے مرحلے میں بھاگلپور، بانکا،اور مونگیرضلع کا مشترکہ مشاورتی اجلاس مورخہ 7.اگست بروز جمعرات شہر بھاگلپور کے قدیم دینی ادارہ مدرسہ اصلاح المسلمین چمپانگر میں منعقد ہوا،اجلاس کی صدارت جناب مولانا عطاء الرحمن صاحب مفتاحی صدر جمعیۃعلماء بھاگلپور نے کی اورنظامت کے فرائض جناب مولانا اسجد ناظری صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء بھاگلپور نے بحسن وخوبی انجام دئے،جبکہ اجلاس کو کامیاب بنانے اور پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں مولانا شمس تبریز صاحب رحمانی اسٹیٹ آرگنائزر جمعیۃعلماء جھارکھنڈ نے اہم کردار ادا کیا_
اس اجلاس میں ناظم عمومی حضرت مولانا حکیم الدین صاحب قاسمی نے ضلعی اور مقامی یونٹوں کے استحکام پر زور دیتے ہوئےکہا:کہ آپ حضرات ضلعی اور مقامی یونٹوں کو مضبوط کریں، جب یہ مضبوط ہونگے تو مرکزی جمعیۃ بھی مضبوط ہوگی، اور جماعت و تنظیم کی مضبوطی،ترقی،اور استحکام سے ہی ہمارے مسائل حل ہوں گے_
آپ نے کہا:کہ جمعیۃعلماءہند ملک و ملت کی خاطر قربانی دینے والی متحرک اور فعال جماعت ہے،اس تنظیم کو 107.سال پورے ہوگئے،اس نے آزادی سے قبل اور آزادی کے بعد سے لیکر اب تک ملک و ملت کیلئے بے شمار قربانیاں پیش کیں ہیں_
مشاورتی اجلاس سے مولانا عطاء الرحمن مفتاحی صدر جمعیۃ علماء بھاگلپور، مولانا اسجد ناظری جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء بھاگلپور، انجنئر نعمان جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء بانکا، مولانا عبد اللہ بخاری صدر جمعیۃ علماء مونگیر، مولانا آصف انور ندوی بھاگلپور وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا،اور جمعیۃ علماء کے کاموں کو ‌مزید ترقی و استحکام بخشنے کا عزم و ارادہ کیا_
مولانا شمس تبریز رحمانی کی دعوت پر دینی وتربیتی اجتماع برائے خواتین و طالبات اسکول و کالج میں حضرت ناظم عمومی کی شرکت ہوئی اور آپ کا یہاں بھی خواتین اور گھریلو معاملات کے تعلق سے پر مغز خطاب ہوا_
دوسرے مرحلے میں بیگوسرائے اور کھگڑیا کا مشترکہ مشاورتی اجلاس مورخہ8.اگست بروز جمعہ بوقت تین بجے مدرسہ المعہد الاسلامی سجاد نگر لڑوارہ میں ڈاکٹر سجاد مارکیٹ میرج ہال بیگوسرائےمیں منعقد ہوا، مہمان خصوصی ناظم عمومی حضرت مولانا حکیم الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے ملتِ اسلامیہ کو درپیش چیلنجز کے مقابل تنظیمی ہم آہنگی، ملی بیداری اور تعلیمی، سماجی اور تنظیمی ترقی جیسے نکات پر اہم خطاب فرمایا، صدر محترم جمعیۃعلماء بہار حضرت مولانا مفتی جاوید اقبال صاحب قاسمی کی موجودگی نے اجلاس کو جلا بخشی اور آپ ہی کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا_
یہ اجلاس بہت کامیاب رہا، بایں معنی کہ نظامت مولانا مفتی محمد فخر عالم صاحب نائب صدر جمعیۃ علماء بیگوسرائے، صدارت مولانا محمد پرویز صاحب مظاہری صدر جمعیۃ علماء بیگوسرائے اور قیادت مولانا محمد معظم علی صاحب جنرل سیکریٹری جمعیۃعلماء بیگوسرائےنے بخوبی انجام دیا، اس اجلاس میں کثیر تعداد میں کھگڑیا، بیگوسرائے کے اراکین، محبین اور جمعیتی احباب کے علاوہ ضلع کے صدور نظماء نے شرکت فرمائی اور اجلاس کو کامیابی سے سرفراز کیا_
اجلاس کے اختتام پر مولانا صداقت حسین صاحب نائب صدر جمعیۃ علماء بیگوسرائے نے تمام مہمانان اور حاضرین کیلیۓ بہترین ضیافت کا اہتمام کیا_
تیسرا اور مشاورتی اجلاس کا آخری مرحلہ. مورخہ 9.اگست بروز سنیچر بوقت نو بجے تا دو بجےدن مدرسہ تحفیظ القرآن لائن بازار پورنیہ میں ضلع پورنیہ، کشن گنج، کٹیہار،ارریہ اور سپول کا مشترکہ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، سینکڑوں کی تعداد میں پورنیہ، ارریہ، کشن گنج، کٹیہار اور سپول کے ذمے داران نے شرکت فرماکر اجلاس کو کامیابی سے ہمکنار کیا_
ضلع سے تشریف لائے صدور و نظماء نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی، اس سے قبل صدرجمعیۃ علماء بہار حضرت مولانا مفتی جاوید اقبال صاحب قاسمی نے تنظیمی استحکام کے سلسلے میں بتایا کہ جمعیۃ کا اصل استحکام مقامی یونٹوں کے استحکام سے ہے، وارڈ،پنچایت اور گاؤں کی سطح پر جمعیۃ کو مضبوط و متحرک اور فعال بنائیں اور مقامی یونٹوں کے استحکام سے ہی ضلعی،صوبائی اور قومی جمعیۃ استحکام پاتاہے، اس دوران آپ نے بتایاکہ ممبر سازی کا وقت پورا ہوچکا ہے، اب ہم سب کو یونٹوں کے انتخابات کی تیاری کر کے مرکزی ہدایات اور جماعتی انتخابات کےاصول و ضوابط کی روشنی میں مقامی، بلاک اور ضلعی یونٹ کا انتخابات جلد از جلد مکمل کر لینا چاہیے، تاکہ بروقت صوبائی انتخاب ممکل کیا جا سکے_
جناب مولانا خالد قاسمی گیاوی ناظم دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند نےکہاکہ مشاورتی اجلاس حقیقت میں مشاورت کیلئے ہی ہے، اس میں ہم سب کو اپنی ذمہ داری سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ہے،انھوں نے تعلیم کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ملک میں رائٹ ٹو ایجوکیشن نافذ ہے، اسکی روشنی میں اپنی نسل نو کی فکر کرتے ہوئے انھیں اچھی دینی و عصری تعلیم فراہم کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، اسی غرض سے دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کا ایک اہم شعبہ قائم ہے،جس سے آپ رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں_
مولانا محمد سلمان قاسمی آرگنائزر جمعیۃ علماء بہار نے بھی جمعیۃ کے مختلف شعبۂ جات کا تعارف کرایا_
مشاورتی اجلاس سے مولانا امتیاز صاحب پورنیہ، مہم لانا ابوصالح صاحب پورنیہ، الحاج بدر الدجی صاحب کٹیہار، مولانا احمد حسین صاحب کٹیہار، مولانا امان اللہ صاحب سپول، مفتی عارف حسین روٹا پورنیہ، مفتی دلشاد صاحب رانی گنج ارریہ، مفتی مناظر نعمانی صاحب کشن گنج، قاری محمد جاوید صاحب کشن گنج کے علاوہ ضلع جمعیۃ کے نمائندہ نے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس سے معلوم ہوا کہ جمعیۃ علماء کی سبھی یونٹیں متحرک اور فعال ہیں اور اپنے کام کے تئیں سنجیدہ اور فکر مند ہیں_
اخیر میں ناظم عمومی حضرت مولانا حکیم الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جمعیۃ میں رہ کر کام کر رہے ہیں،جماعت پر کوئی احسان نہیں کر رہے ہیں؛ بلکہ یہ تو اللہ کا کرم ہےکہ ہمیں اکابر کی جماعت میں شامل ہوکر کام کرنے کا موقع ملا ہے،اسلئے جمعیۃ کے دستور اور اغراض و مقاصد کی روشنی میں کام کریں اور لوگوں کے تعاون کیلئے کھڑے رہیں_
ناظم عمومی نے کہا: اصل کام گاؤں میں ہونا چاہئے، وہاں پیش آنے واقعات کا نوٹس لیا جائے، جب کسی کے ساتھ ظلم ہو تو مقامی جمعیۃ اس کے ساتھ کھڑی رہے،تاکہ اسے محسوس نہ ہو،کہ وہ اکیلا ہے، ملک میں جس طرح کے حالات ہیں، اس میں اپنا اور تمام مسلمانوں کے کاغذات درست ہونے چاہئیں، ووٹر لسٹ میں تمام مسلمانوں کا نام ضرور شامل کروائیں، ہم نے روہنگیا اور دوسرے مسلمانوں کے حالات کو دیکھا ہے کہ کس طرح انھیں ووٹ دینے سے محروم کردیا گیا، تعاون و ناصر کی فضا ہموار کریں،
آج ہم سب ایک جگہ بیٹھ کر بات کر لیتے ہیں، یہ جمعیۃ کی برکت ہے،اور یہ ہمارے اکابر کا احسان ہے، اسلئے اسکی قدر کیجئے_
مشاورتی اجلاس میں مکاتب کا قیام، اصلاح معاشرہ، درس قرآن، درس حدیث، حالات حاضرہ، ہیٹ کرائم، ماب لنچنگ، جمعیۃ یوتھ کلب، افراد سازی اور ممبر سازی جیسے اہم امور پر تبادلۂ خیال ہوا_
اخیر میں مولانا منظور صاحب نعمانی صدر مغربی زون جمعیۃ علماء پورنیہ نے تمام مہمانان اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا، اجلاس کے اختتام پر مدرسہ تحفیظ القرآن لائن بازار پورنیہ کے مہتمم مولانا مبارک حسین صاحب مفتاحی نے پرلطف اور عمدہ ضیافت کا انتظام کیا اور اخیر میں دعاء پر اجلاس کا اختتام ہوا_

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔