انجمن اسلامیہ میرج ہال کشن گنج میں جلسہ تقسیم انعامات (سیرت رسول کوئز کمپٹیشن) کا انعقاد
اہل علم و فضل کی شرکت، مولانا محمود اسعد مدنی کے ہاتھوں انعامات کی تقسیم
کشن گنج/سیل رواں
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ انسانیت کے لیے ایک کامل نمونہ ہے، جو ہر دور اور ہر شعبہ ہائے زندگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ آپؐ کی زندگی عدل و انصاف، رحم دلی، صبر، ایمانداری اور خدمت خلق کے اعلیٰ اصولوں کا عملی نمونہ ہے۔ نئی نسل کو سیرت نبویؐ سے روشناس کرانا نہ صرف دینی فریضہ ہے بلکہ ایک بہتر معاشرے کی تشکیل کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ اسی عظیم مقصد کے تحت جمعیت علماء ضلع کشن گنج ہر سال پروقار سیرت رسول کوئز کمپٹیشن منعقد کرتی ہے۔ جس میں اسکول، سرکاری و غیر سرکاری مدارس، کانونٹ، اور ہندی اسکولوں کے طلبا و طالبات برضا و رغبت شریک ہوتے ہیں۔
پروگرام میں جناب اختر الایمان صاحب ایم ایل اے امور، ضلع پورنیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں جلسہ تقسیم انعامات کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ساتھ ہی انہوں نے سیرت کوئز کمپٹیشن کے منتظمین سے درخواست کی کہ اس اہتمام کو مزید وسیع پیمانے پر کرایا جائے تاکہ افادہ و استفادہ عام ہو اور کہا کہ سیرت ہر گھر کا موضوع ہونا چاہیے۔ تاکہ جو جہاں ہے وہیں سیرت کا پرچارک ہو۔
جمعیت علماء بہار کے صدر مفتی جاوید اقبال قاسمی نے جمعیت کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سالانہ پروگرام کی ابتدا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پہلے یہ صرف اداروں یا چند ایک اسکولوں میں غیر منظم انداز میں ہوا کرتا تھا۔ لیکن جمعیت نے اس کی اہمیّت کے پیش نظر پورے ضلع میں سیرت کوئز کمپٹیشن کرانے کا منصوبہ بنایا۔ بحمد للہ منظم منصوبہ بندی کے ساتھ ہر سال منعقد ہو رہا ہے۔ آئندہ بھی انشاء اللہ ہوتا رہے گا۔
جلسہ تقسیم انعامات (سیرت کوئز کمپٹیشن) کے کنوینر جناب مولانا ابو سالک شہید ندوی نے پروگرام سے قبل ہونے والی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیرت کوئز کمپٹیشن کے انعقاد کے لیے مختلف لوگوں کی محنتیں شامل ہیں۔ جن میں مولانا خالد انور قاسمی، حافظ و قاری محمد مرشد، مولانا فیض الرحمن ندوی وغیرہ کے اسمائے گرامی خصوصی طور پر قابل ذکر ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر ایک کو جزائے خیر عطا فرمائے۔
تقریب میں سیرت کوئز کمپٹیشن/جلسہ تقسیم انعامات کے اختتام پر کامیاب طلبہ میں انعامات، شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ منتظمین نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام بچوں میں دینی شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اخلاقی اقدار سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریر سننے کے لیے یہاں کلک کریں:
مولانا محمود مدنی ، سیرت کوئز کمپٹیشن
خصوصی خطاب مولانا محمود اسعد مدنی کا ہوا۔ آپ نے سیرت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیرت ہماری جان ہے۔ اس کی تشہیر و تبلیغ کے جو بھی ذرائع میسر ہیں انہیں استعمال کیا جانا چاہیے۔ سیرت ہماری زندگی میں جھلکنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریب (سیرت کوئز کمپٹیشن) جمعیت کے پلیٹ فارم سے صرف کشن گنج میں منعقد ہورہی ہے۔ جس کے لیے آپ سبھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ہماری تمنا ہے کہ اسی طرح کی تقاریب ہر ضلعی جمعیت منعقد کرائے۔
پروگرام میں مفتی مناظر حسن قاسمی، مولانا فیض الرحمن ندوی، مولانا ابو صالح قاسمی سکریٹری جمعیت علما پورنیہ، مولانا عیسی جامی، مولانا امتیاز احمد قاسمی، مولانا خالد انور سکریٹری جمعیت علماء کشن گنج، ایم ایل اے کوچہ دھامن جناب اظہار اصفی، ٹھاکر گنج ایم ایل اے جناب مولانا سعود اسرار ندوی، مولانا صدام حسین جامعہ امہات المؤمنین نانکار مولانا ریاض الدین قاسمی جامعہ حسینہ مدنی نگر، مولانا ہاشم انور صاحب، مولانا شاہ فیروز صاحب، سابق ایل اے جناب قمر الہدی صاحب، جناب غلام ربانی صاحب، مولانا مسعود صاحب پھولگاچھی، مولانا گلفام صاحب، قاری جاوید اقبال صاحب، مولانا مسیح الاسلام صاحب وغیرہ نے شرکت کی۔ اخیر میں جمعیت علماء ضلع کشن گنج کے سکریٹری مفتی خالد انور قاسمی نے تمام طلبہ کو مبارکباد دی، کامیاب طلبہ کو مزید محنت کے ساتھ مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے تمام مساہمین، علما، طلبا، اور دانشوروں کا شکریہ ادا کیا۔
مجلس کا اختتام جناب مفتی جاوید اقبال قاسمی کی مختصر دعا پر ہوا۔