از:- ڈاکٹر سراج الدین ندوی
ڈائریکٹر مرکز تعلیم القرآن۔دہلی
مسجد کی محراب سے جب قرآن کی آواز بلند ہوتی ہے تو صرف چند آیات کی تلاوت نہیں ہوتی، بلکہ انسان اور اس کے رب کے درمیان ایک زندہ تعلق تازہ ہوتا ہے۔اسلامی تاریخ کے ابتدائی دور میں مسجد محض نماز کی جگہ نہیں تھی۔ وہ تعلیم گاہ بھی تھی، تربیت گاہ بھی، اصلاح گاہ بھی اور معاشرے کی فکری رہنمائی کا مرکز بھی۔ رسول اکرمؐ کی مسجد میں صحابہ کرامؓ نماز بھی پڑھتے تھے، قرآن بھی سیکھتے تھے، احکامِ دین بھی سمجھتے تھے اور اپنی زندگی کے مسائل کا حل بھی حاصل کرتے تھے۔ قرآن کی آیات نازل ہوتیں تو وہ صرف زبان پر نہیں آتیں، دلوں میں اترتیں اور پھر زندگیوں میں ظاہر ہوتیں۔آج ہماری سب سے بڑی ضرورت یہی ہے کہ مسجد اور قرآن کے اس زندہ تعلق کو دوبارہ مضبوط کیا جائے۔
قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب اور انسانیت کے لیے ہدایت کا آخری پیغام ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
”یہ ایک بابرکت کتاب ہے جسے ہم نے آپ کی طرف نازل کیا ہے تاکہ لوگ اس کی آیتوں میں غوروفکر کریں اور عقل والے اس سے نصیحت حاصل کریں۔”(ص: 29)
الحمدللہ، ہمارے معاشرے میں قرآن کی تلاوت کا ذوق موجود ہے۔ بچے قرآن پڑھتے ہیں، گھروں میں قرآن کی تلاوت ہوتی ہے، رمضان میں تراویح کے ذریعے پورا قرآن سنا جاتا ہے اور مساجد میں ہر روز قرآن کی آواز بلند ہوتی ہے۔ یہ ہمارے ایمان اور دینی زندگی کی ایک روشن علامت ہے۔ لیکن ایک سوال ہمیں اپنے آپ سے ضرور کرنا چاہیے: کیا قرآن ہماری زندگیوں میں بھی اسی طرح موجود ہے جس طرح ہماری الماریوں، رحلوں اور مساجد میں موجود ہے؟
کیا قرآن ہمارے اخلاق میں نظر آتا ہے؟ کیا ہماری تجارت میں اس کی تعلیمات کی جھلک ہے؟ کیا ہمارے گھریلو تعلقات قرآن سے متاثر ہیں؟ کیا ہماری زبان جھوٹ، غیبت اور بدکلامی سے اسی طرح محفوظ ہے جس طرح ہمارا مصحف محفوظ ہے؟ کیا ہمارے معاملات میں عدل، امانت اور دیانت وہی ہے جس کا قرآن مطالبہ کرتا ہے؟
اگر ان سوالات کا جواب تلاش کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ ہمیں قرآن سے صرف تعلق نہیں، قرآن فہمی کی بھی ضرورت ہے۔
اس کام کے لیے مسجد سے بہتر مرکز کیا ہوسکتا ہے؟ مسجد وہ مقام ہے جہاں مسلمان روزانہ پانچ مرتبہ آتے ہیں۔ یہاں کسی دعوت نامے کی ضرورت نہیں، کسی اشتہار کی ضرورت نہیں، کسی نئی عمارت کی ضرورت نہیں۔ مسجد پہلے سے موجود ہے، نمازی پہلے سے موجود ہیں اور قرآن بھی موجود ہے۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ان تینوں کے درمیان ایک مضبوط اور مستقل تعلق قائم کردیا جائے۔
مسجد میں ہونے والا درسِ قرآن ایک ایسی دینی درس گاہ ہے جس میں داخلے کے لیے کوئی عمر مقرر نہیں، کسی سند کی ضرورت نہیں اور کسی خاص طبقے سے تعلق ضروری نہیں۔ یہاں عالم بھی بیٹھ سکتا ہے اور عام آدمی بھی، تاجر بھی اور مزدور بھی، نوجوان بھی اور بزرگ بھی۔
بہت سے مسلمان ایسے ہیں جو باقاعدہ دینی تعلیم حاصل نہیں کرسکے۔ ان کی دینی ضرورت پوری کرنے کا ایک بہترین ذریعہ مسجد کا درسِ قرآن ہے۔ اگر امام یا کوئی مستند عالم روزانہ، ہفتے میں چند دن یا کم از کم ہفتے میں ایک مرتبہ قرآن کی ایک آیت یا چند آیات کا ترجمہ، مختصر تشریح اور عملی پیغام بیان کرے تو عام مسلمان بہت کم وقت میں قرآن کے بنیادی پیغام سے واقف ہوسکتا ہے۔
درسِ قرآن کا مقصد صرف یہ نہیں کہ سامعین کو قرآن کے مشکل الفاظ کے معنی بتا دیے جائیں یا تفسیر کی چند بحثیں بیان کردی جائیں۔ اصل مقصد یہ ہے کہ قرآن انسان کی زندگی سے ہم کلام ہو۔
اگر قرآن کہتا ہے کہ سچ بولو تو سامع کو یہ احساس بھی ہو کہ جھوٹ بولنے کی وہ کون سی صورتیں ہیں جن سے وہ روزمرہ زندگی میں دوچار ہوتا ہے۔اگر قرآن والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کا حکم دیتا ہے تو اسے یہ بھی سمجھایا جائے کہ والدین کی خدمت صرف ان کے سامنے بلند آواز نہ کرنے کا نام نہیں، بلکہ ان کے جذبات، ضروریات اور بڑھاپے کی کمزوریوں کا خیال رکھنا بھی اسی حکم کا حصہ ہے۔اگر قرآن تجارت میں ناپ تول درست رکھنے کا حکم دیتا ہے تو اس کا تعلق آج کے کاروبار، ملازمت، آن لائن تجارت، خریدوفروخت اور مالی معاملات سے بھی جوڑا جائے۔اگر قرآن غیبت سے روکتا ہے تو یہ بتایا جائے کہ غیبت صرف مجلس میں کسی کی برائی کرنا نہیں؛ سوشل میڈیا، واٹس ایپ اور دوسری مجلسوں میں کسی کی غیر موجودگی میں اس کی برائی کرنا بھی اسی دائرے میں آتا ہے۔جب قرآن کی آیت کو زندگی کے واقعات سے جوڑ دیا جاتا ہے تو قرآن کتاب کے صفحات سے نکل کر انسان کے دل اور کردار تک پہنچ جاتا ہے۔ یہی درسِ قرآن کی اصل کامیابی ہے۔
ہم ایک ایسے دور میں زندگی گزار رہے ہیں جس میں معلومات کی فراوانی ہے مگر صحیح رہنمائی کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ موبائل فون نے دنیا کو انسان کی جیب میں پہنچا دیا ہے۔ چند لمحوں میں ہزاروں خیالات، مختلف نظریات، بے شمار معلومات اور متضاد تصورات انسان کے ذہن تک پہنچ جاتے ہیں۔ایسے ماحول میں نئی نسل کو صرف یہ کہنا کافی نہیں کہ یہ صحیح ہے اور وہ غلط ہے۔ اسے صحیح اور غلط میں فرق کرنے کا شعور بھی دینا ہوگا۔ اسے یہ بتانا ہوگا کہ زندگی کا مقصد کیا ہے، انسان کا اپنے خالق سے کیا تعلق ہے، آزادی کی حدود کیا ہیں، کامیابی کا معیار کیا ہے اور اخلاقی زندگی کیوں ضروری ہے؟قرآن ان تمام سوالات کا بنیادی جواب فراہم کرتا ہے۔
درس قرآن کے لیے ضروری ہے کہ کسی مستند دینی درس گاہ اور دارالعلوم سے فارغ شخص ہو۔اگر ایسا امام یا عالم میسر نہیں ہے تو ائمہ مسجد علمائے دین کے ذریعہ کیے گئے تراجم اور تفاسیر سے پڑھ کر سناسکتے ہیں۔اس لیے کہ یہ یہ تراجم اور تفاسیر ہیں ہی ان لوگوں کے لیے جو کسی دارالعلوم اور مدرسہ سے فارغ نہیں ہیں۔دروس قرآن پر مبنی کتب بھی آج کل دستیاب ہیں۔اس ضمن میں خاکسار کی کتاب ”قرآنی اسباق“ کا مطالعہ بھی مفید رہے گا۔
مسجد میں عام لوگوں کے لیے ہونے والا درس بہت طویل نہیں ہونا چاہیے۔ بیس سے تیس منٹ کا جامع درس زیادہ مؤثر ہوسکتا ہے۔ ایک نشست میں ایک مرکزی موضوع اختیار کیا جائے۔ چند آیات پڑھی جائیں، ان کا ترجمہ کیا جائے، مختصر تشریح کی جائے، متعلقہ حدیث یا سیرت کا کوئی پہلو سامنے رکھا جائے اور آخر میں یہ واضح کیا جائے کہ ان آیات کا ہماری عملی زندگی سے کیا تعلق ہے۔یہ بھی ضروری ہے کہ درس کا ایک منظم سلسلہ بنایا جائے۔ عقائد، اخلاق، عبادات، معاملات اور معاشرتی مسائل؛ اس طرح موضوعات کو ترتیب سے لیا جائے تاکہ سامعین کو قرآن کے مجموعی پیغام سے واقفیت حاصل ہو۔
ہمیں خاص طور پر نوجوانوں کو قرآن سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔ آج کا نوجوان سوال کرتا ہے، دلیل چاہتا ہے اور اپنے گردوپیش میں موجود مختلف نظریات سے متاثر ہوتا ہے۔ اس کے سوالات کو دبانے کے بجائے قرآن کی روشنی میں ان کا جواب دینا چاہیے۔
قرآن کا خطاب صرف مردوں سے نہیں۔ خواتین بھی قرآن کی مخاطب ہیں اور ان کی دینی تربیت بھی اتنی ہی اہم ہے۔ جہاں ممکن ہو، خواتین کے لیے الگ درسِ قرآن کا انتظام ہونا چاہیے۔ اگر ایک ماں قرآن کو سمجھ کر اپنی زندگی میں اتارتی ہے تو اس کا اثر پوری نسل پر پڑتا ہے۔ گھر کی فضا، بچوں کی تربیت اور خاندان کے اخلاقی ماحول پر خواتین کا اثر کسی سے پوشیدہ نہیں۔اس لیے قرآن فہمی کو صرف مسجد میں آنے والے مردوں تک محدود رکھنا درست نہیں۔ مناسب اور باوقار انتظام کے ذریعے خواتین تک بھی قرآن کا پیغام پہنچانا چاہیے۔
قرآن کا سب سے بڑا اعجاز یہ ہے کہ وہ انسان کو اندر سے بدلتا ہے۔ قانون انسان کو باہر سے روک سکتا ہے، لیکن قرآن انسان کے اندر خدا کا احساس پیدا کرتا ہے۔ قانون کی نگاہ سے بچ کر انسان گناہ کرسکتا ہے، مگر جس دل میں اللہ کی نگرانی کا احساس پیدا ہوجائے وہ تنہائی میں بھی اپنے آپ کو قابو میں رکھتا ہے۔اسی لیے معاشرتی اصلاح کے لیے قرآن سے بہتر بنیاد کوئی نہیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کی ہر مسجد میں، اپنی سہولت اور حالات کے مطابق، درسِ قرآن کا مستقل نظام قائم کیا جائے۔ کہیں روزانہ مختصر درس ہو، کہیں ہفتہ وار نشست ہو، کہیں جمعہ سے پہلے یا بعد میں مخصوص وقت رکھا جائے اور کہیں نوجوانوں اور خواتین کے لیے الگ پروگرام ہوں۔یہ کام کسی بڑے منصوبے یا بہت زیادہ وسائل کا محتاج نہیں۔ مسجد موجود ہے، قرآن موجود ہے، نمازی موجود ہیں۔ صرف ارادے، اخلاص اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہے۔
اگر ہر مسجد میں چند افراد بھی قرآن سمجھنے کے لیے باقاعدگی سے بیٹھ جائیں تو اس کے اثرات کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔ ایک آیت کسی کے دل کو بدل سکتی ہے، ایک قرآنی تعلیم کسی گھر کو ٹوٹنے سے بچا سکتی ہے، ایک آیت کسی نوجوان کو گمراہی سے واپس لاسکتی ہے اور قرآن کا ایک پیغام کسی انسان کی پوری زندگی کا رخ بدل سکتا ہے۔مسجد میں ہونے والا درسِ قرآن اگر اخلاص، علم، حکمت اور تسلسل کے ساتھ جاری ہو تو یہ محض ایک دینی مجلس نہیں رہتا، بلکہ اصلاحِ فرد اور تعمیرِ معاشرہ کی ایک خاموش تحریک بن جاتا ہے۔