پارلیمانی صف بندی میں بڑی تبدیلی، راگھو چڈھا کی برطرفی سے پارٹی کے اندرونی اختلافات کی قیاس آرائیاں شدید
نئی دہلی نمائندہ:
عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے اپنے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا کو راجیہ سبھا میں پارٹی کے نائب لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ ان کی جگہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ اشوک متل کو اس اہم ذمہ داری پر فائز کیا گیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے اس فیصلے کی باضابطہ اطلاع راجیہ سبھا سکریٹریٹ کو دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، پارٹی نے ایوان سے یہ بھی کہا ہے کہ راگھو چڈھا کو پارٹی کوٹے کے تحت بولنے کا وقت نہ دیا جائے، جسے سیاسی حلقوں میں ایک غیر معمولی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، راگھو چڈھا گزشتہ کچھ عرصے سے پارٹی سرگرمیوں سے قدرے دور تھے اور اہم میٹنگز میں عدم شرکت کے باعث قیادت کے ساتھ ان کے تعلقات میں سرد مہری پیدا ہو گئی تھی۔ تاہم پارٹی کی جانب سے اس فیصلے کی کوئی باضابطہ وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔
دوسری جانب، راگھو چدھا نے اپنے ردعمل میں کہا کہ انہیں “خاموش کیا گیا ہے، شکست نہیں دی گئی”، اور وہ عوامی مسائل اٹھاتے رہیں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق عام آدمی پارٹی کے اس فیصلے نے پارٹی کے اندر ممکنہ اختلافات کی بحث کو ہوا دے دی ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے مزید اثرات سامنے آ سکتے ہیں۔