ہمارا کام ملت کی خدمت ہے۔ ہم نے پورے ملک کو اپنی خدمات کا میدان بنایا ہے۔ ظلم جہاں بھی ہوگا، جمعیت وہاں ہوگی۔ مفتی جاوید اقبال
پٹنہ: [سیل رواں] 23/ستمبر 2025
جمعیت علمائے بہار کا صوبائی انتخابی اجلاس آج منگل کی صبح 10 بجے اونڈا میرج ہال، پٹنہ میں منعقد ہوا۔ جمعیت علمائے بہار ایک قدیم اور فعال دینی و سماجی تنظیم ہے جو کئی دہائیوں سے بہار میں دینی تعلیمات کے فروغ، سماجی بہبود اور خدمتِ خلق کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں اس کی 1270 یونٹس سرگرم عمل ہیں جو عوامی رہنمائی، تعلیم، صحت اور دیگر سماجی مسائل کے حل کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔
اجلاس کی صدارت مفتی جاوید اقبال قاسمی (کشن گنج) نے کی۔ آغاز قاری محمد انور (استاذ جامعہ قاسم العلوم، پٹنہ) کی تلاوتِ قرآن سے ہوا، جبکہ نعتِ رسولِ مقبول جامعہ قاسم العلوم کے ایک طالب علم نے پیش کی۔ انتخابی اجلاس میں بطور مشاہدین مولانا عبیداللہ (بنارس)، مولانا اکرم تقی(اوڈیشہ) اور حسام الدین (نئی دہلی) شریک ہوئے۔
صوبائی جنرل سکریٹری مولانا محمد ناظم نے تنظیمی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جمعیت کے ممبران کی تعداد 4 لاکھ 57 ہزار 800 تک پہنچ چکی ہے اور صوبے بھر میں 1270 یونٹس فعال ہیں۔ انہوں نے گزشتہ مدت کی کامیابیوں، موجودہ سرگرمیوں اور مستقبل کے اہداف پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ اعداد و شمار عوامی اعتماد اور وسیع خدمات کی عکاسی کرتے ہیں۔
انتخابی عمل کی شروعات میں مولانا محمد ناظم نے صدارت کے لیے مفتی جاوید اقبال قاسمی کا نام پیش کیا، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ یوں مفتی جاوید اقبال قاسمی دوبارہ صدر جمعیت علمائے بہار منتخب ہوئے۔ نائب صدور کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں انجینئر آفتاب الرحمن (پٹنہ)، قاری مسعود احمد (کشن گنج)، قاری شہرت (جہاناگنج) اور مفتی اطہر القاسمی (ارریہ) کامیاب قرار پائے، جبکہ خازن کے عہدے کے لیے مولانا ذاکر حسین کا انتخاب عمل میں آیا۔
مشاہدین نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں تنظیم کی خدمات کو مزید فعال اور مستحکم بنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ خدمتِ خلق اور سماجی بہبود کے میدان میں کام ہی جمعیت علمائے بہار کی اصل پہچان ہے، اور یہی اس کی کامیابی کی بنیاد ہے۔
اپنی اختتامی تقریر میں نومنتخب صدر مفتی جاوید اقبال قاسمی نے کہا:
"ہمارا اصل مشن ملت کی خدمت ہے۔ ظلم جہاں بھی ہوگا، جمعیت وہاں موجود ہوگی۔ ہم نے پورے ملک کو اپنی خدمات کا میدان بنایا ہے اور اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔”
انہوں نے جمعیت کے حالیہ آسام دورے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ صدرِ جمعیت حضرت مولانا محمود مدنی کی قیادت میں وہاں عوامی مسائل کے حل اور مظلوموں کی داد رسی کے لیے اہم اقدامات کیے گئے۔
اجلاس کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران نے اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے ادا کرنے اور تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔